ثانیہ مرزا کے گھر کے باہر لگی ’نیم پلیٹ‘ میں کیا خاص ہے

حیدرآباد (دکن فائلز) معروف ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے زندگی میں کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ وہ ہمیشہ خوش رہنے کو ترجیح دیتی ہیں۔ ثانیہ مرزا نے حیدرآباد دکن میں اپنے گھر کے باہر لگی تختی پر لکھے خاص نام کی تصویر مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔

ثانیہ مرزا نے سال 2010 میں پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے شادی کی تھی جن سے ان کا ایک بیٹا اذہان مرزا ملک 2018 میں پیدا ہوا۔ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی 13 سال چلنے کے بعد 2023 میں ختم ہوگئی اور شعیب ملک نے جنوری 2024 میں اداکارہ ثناء جاوید سے اپنی شادی کی تصاویر جاری کردیں۔ جہاں ایک طرف شعیب ملک اپنی نئی اہلیہ ثناء جاوید کے ساتھ گھومنے پھرنے میں مصروف ہیں وہیں دوسری جانب ثانیہ مرزا اپنے بیٹے اذہان کے ساتھ وقت گزارتی نظر آتی ہیں۔

ثانیہ مرزا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ جاری کی جس میں انہوں نے اپنے عزیز و اقارب کے ساتھ تصاویر شامل کیں۔ اس پوسٹ میں سب کی توجہ کا مرکز بننے والی تصویر پہلی ہی ہے جس میں ثانیہ مرزا کے گھر کے باہر لگی تختی پر دو نام دیکھے جاسکتے ہیں۔ مذکورہ لکڑی کی تختی پر انگریزی میں ’ثانیہ اور اذہان‘ لکھا ہے یعنی انہوں نے اپنے گھر کو خود کے اور بیٹے کے نام سے منسوب کردیا۔

پوسٹ میں شامل دیگر تصاویر میں ثانیہ مرزا بیٹے اذہان، بھانجی دعا، بہن انعم مرزا اور سہیلیوں کے ساتھ نظر آئیں جبکہ ایک تصویر میں شیشے کے مگ پر ایک معنیٰ خیز جملہ بھی لکھا نظر آیا کہ ’ خوش رہنے کا انتخاب کریں‘۔ ثانیہ مرزا کی اس پوسٹ پر ان کے مداحوں کی جانب سے تعریفی کلمات لکھے جارہے ہیں جبکہ شعیب ملک کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں