تلنگانہ: نئے تعلیمی سال کا کیلنڈر جاری، تعطیلات و امتحانات کی تمام تفصیلات

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ حکومت نے اسکولوں کے لیے تعلیمی سال 2024-25 کے لیے تعلیمی کیلنڈر جاری کیا ہے۔ اس تعلیمی سال میں اسکول کل 229 دن کام کریں گے۔ اول جماعت تا دسویں جماعت تک لاگو ہونے والے تعلیمی کیلنڈر کے مطابق اسکول 12 جون کو کھل جائیں گے اور 23 اپریل 2025 تعلیمی سال کا آخری دن ہوگا۔ 24 اپریل 2025 تا 11 جون 2025 تک 49 دن کی گرمائی چھٹیاں رہیں گی۔ 2025 کے دسویں جماعت کے پری فائنل امتحانات 28 فروری 2025 سے قبل منعقد کئے جائیں گے، جبکہ فائنل امتحانات مارچ میں ہوں گے۔

تعلیمی کیلینڈر کے مطابق 2 سے 14 اکتوبر تک دسہرہ کی چھٹیاں، 23 سے 27 دسمبر تک کرسمس کی چھٹیاں اور 13 سے 17 جنوری تک سنکرانتی کی چھٹیاں دی جائیں گی۔ نئے تعلیمی سال میں دسہرہ کی تعطیلات 13 دن کی، سنکرانتی کی 6 دن کی ہوں گی۔ ہائی اسکولوں کےلئے اوقات صبح 9.30 سے ​​4.45 بجے تک اور اپر پرائمری صبح 9 بجے سے شام 4.15 بجے تک ہوں گے۔ سرکاری اسکولوں میں طلباء کے لیے روزانہ پانچ منٹ کے لیے یوگا اور مراقبہ کی کلاسیں ہوں گی۔

فارمیٹو اسسمنٹ (FA)-1 کے امتحانات اس سال 31 جولائی تک ہوں گے، فارمیٹیو اسسمنٹ (FA)-2 کے امتحانات اس سال 30 ستمبر تک ہوں گے، سممیٹیو اسیسمنٹ (SA)-1 کے امتحانات اس سال 21 اکتوبر سے 28 اکتوبر تک ہوں گے، فارمیٹیو اسسمنٹ (FA) -3 امتحانات 12 دسمبر تک، فارمیٹیو اسسمنٹ (FA) -4 امتحانات 29 جنوری 2025 تک، سممیٹیو اسیسمنٹ (SA)-2 کے امتحانات 9 اپریل 2025 سے 29 اپریل 2024 تک منعقد کیے جائیں گے۔

حکومت نے تمام اسکولوں کو محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ کیلنڈر پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں