بڑی خبر: متنازعہ سوامی گرمیت رام رحیم سنگھ کو ہائیکورٹ نے 2002 قتل کیس میں بری کردیا

حیدرآباد (دکن فائلز) ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم کو آج پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے ڈیرہ کے ایک سابق اہلکار کے قتل کیس میں بری کردیا۔ ڈیرہ کی ریاستی سطح کی کمیٹی کے رکن رنجیت سنگھ کو 2002 میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ یہ الزام ہے کہ اس قتل کا تعلق ایک گمنام خط کو وائرل کرنے میں ان کے مشتبہ کردار سے تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ کس طرح رام رحیم ڈیرہ کے ہیڈکوارٹر میں خواتین کا جنسی استحصال کر رہا تھا۔

2021 میں، سی بی آئی عدالت نے رام رحیم اور چار دیگر کو قتل کیس میں قصوروار ٹھہرایا اور انہیں عمر قید کی سزا سنائی۔ خصوصی عدالت نے کہا تھا کہ یہ بات قابل شک و شبہ سے بالاتر ہے کہ ڈیرہ سربراہ خط کو وائرل کرنے سے ناراض تھا اور اس نے دوسرے ملزمان کے ساتھ مل کر رنجیت سنگھ کو قتل کرنے کی سازش کی تھی۔ 56 سالہ ڈیرہ سربراہ نے اس سزا کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ سی بی آئی عدالت نے جن چار دیگر کو قصوروار ٹھہرایا تھا انہیں بھی آج بری کر دیا گیا ہے۔

متنازعہ ڈیرہ سربراہ رام رحیم، ڈیرہ میں دو سادھویوں کے ساتھ عصمت دری اور صحافی رام چندر پرجاپتی کے قتل کیس میں مجرم ٹھہرائے جانے کے بعد جیل میں ہے۔ صحافی رام چندر پرجاپتی نے رام رحیم کے خلاف جنسی زیادتی کے الزامات کی رپورٹنگ کی تھی۔

ڈیرہ سچا سودا نے گرمیت رام رحیم کے خلاف جنسی زیادتی کے چونکا دینے والے الزامات سامنے آنے کے بعد سرخیوں میں آگیا تھا اور سی بی آئی نے اس معاملے کی جانچ شروع کردی تھی۔ 2014 میں، تحقیقات شروع ہونے کے ایک دہائی بعد، ڈیرہ سربراہ نے دعویٰ کیا کہ وہ نامرد ہے، لیکن عدالت نے اسے مسترد کر دیا۔ 2017 میں اس کی سزا نے کئی علاقوں میں تشدد و آتش زنی کو جنم دیا تھا جس میں 30 افراد ہلاک ہوگئے اور ڈھائی سو سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ حالات کو قابو میں کرنے کے لیے فوج کو بلانا پڑا تھا۔ رام رحیم اب 20 سال قید کی سزا کاٹ رہا ہے اور اس نے اپنی سزا کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں