حیدرآباد میں بچوں کو فروخت کرنے والے گینگ کا پردہ فاش، 16 بچوں کو بچالیا گیا، گروہ کے 8 ایجنٹ گرفتار

حیدرآباد (دکن فائلز) رچہ کنڈہ پولیس نے ایک بچوں کو اسمگلنگ کرنے والی بین ریاستی ٹولی کا پردہ فاش کرکے 16 بچوں کو ان کے چنگل سے بچالیا۔ ان میں سے کچھ بچوں کا تعلق دیگر ریاستوں سے بھی ہے۔ تفصیلات کے مطابق میڈی پلی میں بچوں کو فروخت کرنے والے گروہ کا انکشاف ہوا ہے۔ واضح رہے کہ چار روز قبل پیرزادی گوڑہ کی آر ایم پی ڈاکٹر نے ایک بچہ کو ساڑھے چار لاکھ روپئے میں فروخت کیا تھا، جسے پولیس نے پکڑ لیا۔ پولیس نے اس کی مدد سے گروہ کے دیگر 8 ایجنٹوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

رچہ کنڈہ پولیس کمشنر ترون جوشی نے میڈیا کو بتایا کہ ’اس ریاکٹ میں ملوث کل آٹھ ایجنٹوں اور ذیلی ایجنٹوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں پتہ چلا کہ یہ گروہ بے اولاد جوڑوں کو دہلی اور پونے سے لائے گئے بچوں کو فروخت کررہا تھا۔ اس سلسلہ میں ایک خصوصی ٹیم کو دہلی اور پونے روانہ کیا گیا اور گروہ کے ایجنٹوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترون جوشی نے بتایا کہ یہ گروہ بچوں کو ان کے والدین سے پچاس ہزار روپئے میں خریدتا تھا اور انہیں تقریباً دو لاکھ سے ساڑھے پانچ لاکھ روپئے میں فروخت کردیتا تھا۔ ابھی تک اس معاملہ میں آٹھ ملزمین کو گرفتار کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں