’اب اسٹرانگ روم پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے‘: راہول گاندھی

حیدرآباد (دکن فائلز) راہل گاندھی نے پارٹی کارکنوں سے کہا کہ وہ پولنگ بوتھوں کے ساتھ ساتھ اسٹرانگ روم پر بھی نظر رکھیں تاکہ کوئی بھی وہاں گڑ بڑ کرنے کی کوشش نہ کرسکے۔ راہل گاندھی نے پارٹی کارکنوں سے چوکس اور مستعد رہنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے لوک سبھا انتخاب کے آخری مرحلہ کی ووٹنگ سے قبل انتخابی تشہیر ختم ہونے کے بعد دعویٰ کیا کہ مرکز میں انڈیا اتحاد کی حکومت بننے جارہی ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنان اور حامیوں سے اپیل کی کہ وہ ووٹ شماری ہونے تک اسٹرانگ روم پر نظر بنائے رکھیں۔

راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس سلسلے میں ایک طویل پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا کہ ’تشہیر ی مہم ختم ہونے کے بعد میں ملک کے عظیم لوگوں کو سلام کرتے ہوئے کانگریس کے ببر شیر کارکنان سے اعتماد کے ساتھ کہنا چاہتا ہوں کہ انڈیا بلاک کی حکومت بننے جا رہی ہے‘۔

راہل گاندھی نے انڈیا اتحاد کے سبھی لیڈروں اور کارکنوں کا دل سے شکریہ بھی ادا کیا کہ وہ سبھی آئین اور ملک کے آئینی اداروں کو بچانے کیلئےبغیر جھکے کھڑے رہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم عوام سے جڑے ہوئے حقیقی ایشوز پر انتخاب لڑنے میں کامیاب رہے اور وزیر اعظم کے بار بار بھٹکانے کی کوشش کے باوجود کسانوں، مزدوروں، نوجوانوں، خواتین اور محروموں کی آواز اٹھائی۔‘‘

اپنی پوسٹ میں راہل گاندھی نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’ہم نے مل کر متبادل نظریہ کی شکل میں ہر طبقہ کی زندگی بدلنے والی انقلابی گارنٹی ملک کے سامنے رکھی اور اپنا پیغام کونے کونے تک پہنچایا‘۔ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’میں آپ سبھی سے اپیل کرتا ہوں کہ آخری وقت تک اسٹرانگ روم پر نظر جمائے رکھیں۔ انڈیا بلاک جیتنے جا رہا ہے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا اتحاد یوپی میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ ایسے میں میرا سوال یہ ہے کہ بی جے پی کس بنیاد پر 400 سیٹیں جیتنے کا دعویٰ کر رہی ہے؟ انہوں نے کہا کہ وہ (مودی) جو بھی کہیں لیکن لوگوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ان کی قیادت کو قبول نہیں کرنا چاہتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں