حیدرآباد (دکن فائلز) الہ آباد ہائی کورٹ نے آج ایک اہم فیصلہ دیا، عدالت نے شادی کے بہانے خاتون کی عصمت دری کرنے کے الزام سے ایک شخص کو بری کردیا اور کہا کہ جنسی جرائم سے متعلق قانون خواتین پر مرکوز ضرور ہے لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ صرف مرد ساتھی ہی ہمیشہ غلط ہوتا ہے۔
فیصلہ سناتے ہوئے، جسٹس راہول چترویدی اور جسٹس نند پربھا شکلا پر مشتمل ایک ڈویژن بنچ نے کہا کہ اس طرح کے معاملات میں ثبوت کا بوجھ شکایت کنندہ اور ملزم پر ہوتا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ‘جنسی جرائم’ خاتون کے تحفظ پر مبنی قانون ہے جو عورت اور لڑکی کی عزت و آبرو کے تحفظ کے لیے بنایا گیا۔ لیکن ہر معاملہ میں یا ہر بار مرد ہی قصوروار نہیں ہوتا بلکہ خاتون ساتھی بھی غلط ہوسکتی ہے۔
ہائی کورٹ نے عصمت دری کے ایک ملزم کی ٹرائل کورٹ کی طرف سے بری کئے جانے کو برقرار رکھا۔
عدالت عصمت دری کیس میں ملزم کی بریت کے خلاف شکایت کنندہ کی اپیل پر سماعت کر رہی تھی۔ ملزم کو درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل (مظالم کی روک تھام) ایکٹ 1989 کے تحت بھی چارج شیٹ کیا گیا تھا۔
2019 میں ایک خاتون نے پریاگ راج پولیس میں شکایت درج کروائی جس میں الزام لگایا گیا کہ ملزم نے شادی کا وعدہ کرکے اس کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کیے لیکن بعد میں اس سے شادی کرنے سے انکار کردیا۔ اس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس نے اس کی ذات کے بارے میں توہین آمیز انداز میں بات کی تھی۔
ٹرائل کورٹ نے 8 فروری 2024 کو ملزم کو عصمت دری کے الزام سے بری کر دیا اور اسے تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 323 (رضاکارانہ طور پر تکلیف پہنچانا) کے تحت مجرم قرار دیا۔ اس کے بعد شکایت کنندہ نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔
سماعت کے دوران ملزم نے عدالت کو بتایا کہ جنسی رشتہ رضامندی سے تھا اور اس نے خاتون سے شادی کرنے سے اس وقت انکار کردیا تھا جب اسے پتہ چلا کہ اس کا تعلق یادو ذات سے نہیں ہے، کیونکہ خاتون نے پہلے دعویٰ کہا تھا۔
تنازعات اور ریکارڈ پر موجود مواد پر غور کرتے ہوئے عدالت نے پایا کہ شکایت کنندہ نے 2010 میں ایک شخص سے شادی کی تھی لیکن وہ دو سال بعد الگ رہنے لگی۔ اس نے یہ بھی نوٹ کیا کہ شکایت کنندہ نے یہ حقیقت چھپا رکھی تھی کہ وہ پہلے سے شادی شدہ تھی۔
ٹرائل کورٹ کی طرف سے دی گئی بریت کو برقرار رکھتے ہوئے، ہائی کورٹ نے کہا، “یہ آسانی سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون جو پہلے سے شادی شدہ ہے اور اپنی سابقہ شادی کو تحلیل کیے بغیر اور اپنی ذات کو چھپاتے ہوئے، بغیر کسی اعتراض اور ہچکچاہٹ کے پانچ سال تک اچھے جسمانی تعلقات کو برقرار رکھتی ہے۔ دونوں نے الہ آباد اور لکھنؤ میں متعدد ہوٹلوں اور لاجز کا دورہ کیا اور ایک دوسرے کی صحبت کا لطف اٹھایا۔ یہ فیصلہ کرنا مشکل ہے کہ کون کس کو بے وقوف بنا رہا تھا۔


