بڑی خبر: دہلی شراب گھوٹالہ معاملہ میں اروند کیجریوال کی ضمانت منظور، کل ہوں گے جیل سے رہا

حیدرآباد (دکن فائلز) دہلی کی ایک عدالت نے اروند کیجریوال کو راحت دی ہے، جو دہلی شراب گھوٹالے میں منی لانڈرنگ کیس کا سامنا کر رہے ہیں۔ دہلی راؤس ایونیو کورٹ نے کیجریوال کو ضمانت دے دی۔

آج کیجریوال کی ضمانت کی عرضی پر روز ایونیو کورٹ میں سماعت ہوئی۔ کیجریوال کی عرضی راؤس ایونیو عدالت کی تعطیلاتی بنچ کے سامنے سماعت کے لیے آئی۔ دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ تاہم رات میں تقریباً آٹھ بجے تعطیلاتی بنچ کے جج نیا بندو نے فیصلہ سنایا۔ انہوں نے کیجریوال کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے کے ساتھ ضمانت منظور کردی۔

ای ڈی نے عدالت سے ضمانتی بانڈ پر دستخط کرنے کے لیے 48 گھنٹے کا وقت دینے کو کہا ہے۔ تاہم جسٹس نیا بندو نے ای ڈی کی عرضی کو مسترد کر دیا۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ کیجریوال کو 21 مارچ کو ای ڈی حکام نے دہلی شراب گھوٹالے سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔ عام انتخابات کے پیش نظر سپریم کورٹ نے انہیں عبوری ضمانت دی تھی تاکہ وہ انتخابی مہم میں حصہ لے سکیں۔ کیجریوال انتخابات کے بعد تہاڑ جیل واپس چلے گئے۔ اب جبکہ عدالت نے ضمانت منظور کر لی ہے، وہ کل جیل سے رہا ہو جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں