اروند کیجریوال کی رہائی پر دہلی ہائیکورٹ نے روک لگادی

حیدرآباد (دکن فائلز) دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی رہائی سے عین قبل ہائیکورٹ نے انکے جیل سے باہر آنے پر روک لگادی۔ آج انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے دائر درخواست پر فوری سماعت کرتے ہوئے دہلی ہائیکورٹ نے کیجریوال کی ضمانت پر رہائی پر روک لگادی۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز دہلی کی ایک عدالت نے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو ایکسائز پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت دے دی تھی، جس کے بعد ٹرائل کورٹ نے ضمانت پر روک لگانے کی ای ڈی کی درخواست کو بھی مسترد کردیا تھا۔

آج ای ڈی نے مذکورہ عدالت کے حکم کو چیلنج کرتے ہوئے ہائیکورٹ کا رخ کیا۔ ای ڈی کی جانب سے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل (اے ایس جی) ایس وی راجو نے جسٹس سدھیر کمار جین اور رویندر دودیجا پر مشتمل تعطیلاتی بنچ کے سامنے اروند کیجریوال کو ضمانت منظور کرنے کے ٹرائل کے فیصلہ کی مخالفت کی اور اسے غلط قرار دیا۔

وہیں کیجریوال کے وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے قانونی دلائل کا حوالہ دیتے ہوئے اسٹے کی درخواست کی مخالفت کی۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد ہائی کورٹ نے ہدایت دی کہ جب تک معاملے کی مکمل سماعت نہیں ہوجاتی ضمانت کے حکم کو نافذ نہ کیا جائے۔ عدالت نے کیجریوال کی رہائی پر روک لگادی۔

عدالت کے فیصلہ کے بعد کیجریوال آج جیل سے رہا نہیں ہوں گے جبکہ اس بات کی امید ظاہر کی جارہی ہے کہ ضمانت کی عرضی کو منسوخ کرنے سے متعلق عرضی پر دو تا تین دنوں میں ہائیکورٹ کوئی فیصلہ کریکی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں