’امید کرتا ہوں کہ 18 ویں لوک سبھا میں ارکان کو معطل نہیں کیا جائے گا‘ اوم برلا پر اکھلیش یادو کا طنز (تقریر سنیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) سماج وادی پارٹی کے رہنما اکھلیش یادو نے آج لوک سبھا میں نئے اسپیکر کے منتخب ہونے پر اوم برلا کو مبارکباد دی تاہم ایوان میں تقریر کرتے ہوئے پرانی باتوں کو یاد کرکے کچھ طنز بھی کئے۔ انہوں نے اوم برلا کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’میں امید کرتا ہوں کہ 18ویں لوک سبھا میں ارکان کی معطلی جیسی کاروائی نہیں ہوگی‘۔ اکھلیش یادو گذشتہ سال سرمائی اجلاس کے دوران ایک سو ارکان کی معطلی کا حوالہ دے رہے تھے۔

این ڈی اے کے امیدوار اوم برلا کے لوک سبھا اسپیکر کے طور پر دوبارہ منتخب ہونے کے بعد ایوان میں تقریب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اسپیکر، اپوزیشن کے تئیں غیر جانبدار رہیں گے اور تمام ارکان اور پارٹیوں کو اپنی بات رکھنے کا برابر موقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے اوم برلا سے کہا کہ آپ جس عہدے پر فائز ہیں اس کے ساتھ شاندار روایات جڑی ہوئی ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ بلا تفریق جاری رہیں گی۔ آپ لوک سبھا اسپیکر کی حیثیت سے سب کو یکساں مواقع اور احترام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’غیر جانبداری اس عظیم عہدہ کی بڑی ذمہ داری ہے… ہم امید کرتے ہیں کہ کسی عوامی نمائندے کی آواز کو دبایا نہیں جائے گا اور نہ ہی اسے ایوان سے بے دخل کرنے کی کاروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ “آپ کا کنٹرول اپوزیشن پر ہے لیکن ایسا ہی حکمران جماعت پر بھی ہونا چاہئے۔ ایوان کو آپ کے اشاروں پر چلنا چاہیے نہ کہ دوسروں کے اشارہ پر‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں