(ایجنسیز) فلسطینی تنظیم حماس نے اپنے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر بیان جاری کردیا۔ حماس نے تہران میں کیے گئے اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔ حماس نے اپنے بیان میں کہا کہ حملہ میں ہنیہ کا ایک محافظ بھی شہید ہوا ہے۔
حماس کے بیان میں کہا گیا ہنیہ کی شہادت پر فلسطینی عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، شہادت پر عرب عوام، امت مسلمہ اور دنیا بھر کے انصاف پسند عوام سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ حماس کے رہنما موسیٰ ابو مرزوق نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کا قتل ایک بزدلانہ فعل ہے جس کا بدلہ لیا جائے گا۔ ہنیہ کے قتل سے اسرائیل کو اس کے مقاصد حاصل نہیں ہوں گے۔
حماس رہنما سامی ابو زہری نے کہا کہ ہم بیت المقدس کو آزاد کرانے کے لیے کھلی جنگ لڑ رہے ہیں، بیت المقدس کیلئے ہر قیمت ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہےکہ اسرائیلی وقت کے مطابق رات تقریباً 2 بجے تہران کے قلب میں ایک میزائل فائرکیا گیا جہاں اسماعیل ہنیہ اپنے محافظ سمیت موجود تھے۔