اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد اسرائیل اور امریکہ پر خوف طاری، بائیڈن نے نتن یاہو کو دلاسہ دیا، خطہ میں مزید فوج بھیجنے کا فیصلہ، بحری بیڑہ بھی خلیج فارس پہنچ گیا

حیدرآباد (دکن فائلز) امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے اسرائیل کی بھرپور مدد کرنے کا ایک مرتبہ پھر وعدہ کیا۔ انہوں نے نتن یاہو سے کہا کہ امریکہ کی جانب سے اسرائیل کی مدد کےلئے خطہ میں مزید فوجی بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے فون پر بات کی اور اسرائیل کو بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں سے بچانے کیلئے مزید دفاعی سامان بھیجنے پر بھی رضامندی ظاہر کی گئی۔ وائٹ ہاوس کے مطابق ایران، حماس، حزب اللہ اور حوثیوں سے اسرائیل کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

وہیں دوسری جانب ایران اور لبنان میں اسرائیلی حملوں کے بعد خطہ میں بڑھتی کشیدگی کے بعد صیہونی ملک کی مدد کےلئے امریکہ نے روزویلٹ نامی جنگی بحری بیڑہ بھی خلیج فارس میں بھیج دیا۔ بحری بیڑے کے ساتھ 6 میزائل بردار جہاز بھی موجود ہیں جبکہ مشرقی بحیرہ روم میں 5 امریکی جنگی بحری جہاز پہلے سے ہی تعینات ہیں۔

امریکہ نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافہ کے بعد مشرق وسطیٰ میں مزید فوج بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں