حیدرآباد (دکن فائلز) این سی ای آر ٹی کی نصابی کتابوں سے بابری مسجد کا حوالہ ہٹانے پر اسدالدین اویسی نے مرکزی حکومت پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے لوک سبھا میں مباحث میں حصہ لیتے ہوئے مودی حکومت سے سوال کیا کہ ’کیا ہمارے بچوں کو گجرات قتل عام اور بابری مسجد کی شہادت سے متعلق جاننا نہیں چاہئے‘
کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے این سی ای آر ٹی کے نصاب سے بابری مسجد اور 2002 کے گجرات فسادات سے متعلق حوالہ ہٹانے پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ ’لوگوں کو ماضی کی غلطیوں سے سبق کیوں نہیں سیکھنا چاہئے؟ کیا ہمارے بچوں کو گجرات کے قتل عام، اقلیتی مسلمانوں کے قتل عام کے بارے میں نہیں پڑھنا چاہیے‘؟
انہوں نے مسلمانوں کے اسکول چھوڑنے کے تناسب کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت سے سوال کیا کہ ’کیا مسلمانوں کو تعلیم حاصل کرنے کا حق ہے یا نہیں‘؟
لوک سبھا میں مرکزی وزارت تعلیم کے لیے گرانٹس کے مطالبات پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ جو لوگ تاریخ کی غلطیوں سے سبق نہیں سیکھتے وہ انہیں دہرانے کے پابند ہیں۔