ائمہ و خطباء وقف کے موضوع پر جمعہ میں خطاب کریں: صدر مسلم پرسنل لا بورڈ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی علمائے کرام و ائمہ عظام سے اپیل

(پریس نوٹ) اوقاف ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، ہمارے آباء و اجداد نے رضائے الٰہی اور اجر و ثواب کی نیت سے اپنی جائیدادیں اللہ تعالیٰ کی راہ میں وقف کی ہیں، ان اوقاف کی صیانت و حفاظت ہمارا اولین فریضہ ہے۔ برسراقتدار طبقہ وقف ایکٹ 2013 میں ترمیم کرنا چاہ رہا ہے اور اندیشہ ہے کہ ایسی ترمیم وقف ایکٹ میں کی جائے گی جس سے اوقاف کی نوعیت و حیثیت بدل جائے گی اور اوقاف کا تحفظ غیر یقینی ہوجائے گا، اسی طرح وقف بورڈ کے اختیارات بھی سلب کرلئے جائیں گے جس سے اوقاف پر قبضے کی راہیں ہموار ہو جائیں گی، اسی تناظر میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب نے تمام ائمہ مساجد اور علماء و خطباء سے اپیل کی ہے کہ اس جمعہ اور آنے والے جمعہ میں نماز جمعہ سے قبل وقف کے موضوع پر خطاب کریں۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر محترم نے ائمہ مساجد اورعلماء و خطباء کو اس جانب بھی متوجہ کیا ہے کہ وہ اپنے خطاب جمعہ میں وقف کی شرعی حیثیت پر روشنی ڈالیں نیز مسلمانوں کو اس بات سے واقف کرائیں کہ وقف جائدادوں پر قبضہ نہایت نازیبا بات ہے، حکومت وقت کے جو عزائم اور ارادے ہیں ان سے بھی لوگوں کو روشناس کرائیں، انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب وقف کے موضوع پر خطاب جمعہ جاری کیا جا رہا ہے ائمہ و خطباء اس سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں