صرف مسلمانوں کے مکانوں کو ہی بلڈوز ۔۔۔! کلکٹر کا مسلم دشمنی پر مبنی آڈیو وائرل، کانگریس کا زبردست احتجاج (وائرل آڈیو ضرور سنیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) مدھیہ پردیش کے بھنڈ ضلع میں کلکٹر سنجیو سریواستو کی جانب سے فرقہ پرستانہ ریماکس کے بعد کانگریس نے کلکٹر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کی۔ اس واقعہ پر سابق وزیر اعلیٰ ڈگ وجئے سنگھ، پی سی سی چیف جیتو پٹواری، اپوزیشن کے سابق لیڈر ڈاکٹر گووند سنگھ سمیت کئی بڑے کانگریسی لیڈروں نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور دیہات پولیس اسٹیشن پہنچے اور کلکٹر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ کی درخواست دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھنڈ کلکٹر سنجیو سریواستو کا ایک آڈیو وائرل ہورہا ہے جس میں انہیں یہ مبینہ طور پر یہ کہتے ہوئے سناجاسکتا ہے کہ جس معاملہ میں ہندو مسلم اینگل ہے اس میں مسلمان ملزمین کے گھروں پر بلڈوزر چلایا ہے لیکن جس کیس میں ملزم ہندو ہیں وہاں انہوں نے ملزمین کے گھروں پر بلڈوزر نہیں چلایا ہے کیونکہ یہاں کوئی ہندو مسلم اینگل نہیں ہے۔ ان کی آڈیو کا یہ مطلب لیا جارہا ہے کہ ’وہ صرف مسلمانوں کے مکانات ہی منہدم کریں گے‘۔

علاقہ میں کچھ روز قبل جین مذہب سے تعلق رکھنے والے نوجوان کا چند ٹھاکروں نے قتل کردیا تھا اس واقعہ کے کچھ روز بعد ہی ایک ہندو نوجوان کو کچھ مسلم نوجوانوں نے مبینہ طور پر قتل کردیا۔ ہندو نوجوان کے قتل کے بعد تین مسلم ملزمین کو گرفتار کیا گیا اور گرفتاری کے فوری بعد کلکٹر صاحب نے ان تینوں کے مکانات کو بلڈوزر کے ذریعہ منہدم کردیا۔ اس کے بعد جین نوجوان جس کا قتل ہوا تھا کے والد نے کلکٹر سنجیو سے فون پر رابطہ کیا اور ان سے کہا کہ ان کے بیٹے کے قاتلوں کے گھر بھی منہدم کئے جائیں۔۔۔ جس پر کلکٹر صاحب نے صاف صاف کہہ دیا کہ وہ صرف مسلم ملزم کے مکانوں کو ہی منہدم کریں گے او اگر ملزم ہندو ہوگا تو اس کا مکان نہیں توڑیں گے۔ اس بات چیت کا آڈیو ٹیپ وائرل ہونے کے بعد کانگریس نے کلکٹر پر بی جے پی کے رکن کے طور پر کام کرنے کا الزام عائد کیا۔
دکن فائلز کی جانب سے اس آڈیو ٹیپ کی تصدیق نہیں کی جاتی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں