حیدرآباد (دکن فائلز) اکثر یہ کہا جاتا ہے کہ مودی جی نے اپنے دور اقتدار کے دوران اب تک ایٹ چھٹی بھی نہیں لی ہے اور وہ 24×7 کام کرتے رہتے ہیں۔ لیکن یہ معلوم کرنا کافی دلچسپ ہوگا کہ کیا مودی جی انتخابات کے دوران تشہیر اور مراقبہ پروگرام کے موقع پر بھی آن ڈیوٹی تھے یا انہوں نے چھٹی لی تھی۔ اس بات کی جانکاری کےلئے بی بی سی نے پی ایم او سے یہ سوال پوچھا۔
پی ایم او کی طرف سے جو جواب آیا اسے سن کر آپ کو حیرت ضرور ہوگی کیونکہ پی ایم مودی نے اپنی مدت کار میں آج تک ایک دن کی بھی چھٹی نہیں لی ہے جبکہ ملک کے کئی وزرائے اعظم نے چھٹی لی ہے اور اس کی جانکاری عوامی طور پر بھی دی ہے۔ جواہر لال نہرو، راجیو گاندھی اور اٹل بہاری واجپئی نے اپنی مدت کار میں چھٹی لی ہے۔
سوشل میڈیا پر اس سلسلہ میں دلچسپ کمنٹس آرہے ہیں، ایک صارف نے کہا کہ ’اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کوئی شخص مراقبہ کے دوران کس طرح ڈیوٹی انجام دے سکتا ہے؟‘
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے انتخابات کے بعد نتائج سے قبل کنیا کماری میں سمندر کے بیچ میں واقع وویکانند شلہ میموریل میں 45 گھنٹے کی سادھنا (مراقبہ) کیا تھا جسے انہوں نے ایک ناقابل فراموش لمحہ قرار دیا تھا۔ سادھنا مکمل کرنے کے بعد مودی نے وویکانند شلہ میموریل کی وزیٹر بک میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔