حیدرآباد (دکن فائلز) ملک آج اپنا 78 واں یوم آزادی منارہا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے تاریخی لال قلعے پر قومی پرچم لہرایا اور گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ لال قلعے کی فصیل سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے اِس یقین کا اظہار کیا کہ اگر ملک کے 140 کروڑ عوام عزم کریں اور متحد ہوکر ایک سمت میں آگے بڑھیں تو ہندوستان تمام رکاوٹوں کو عبور کرکے 2047 تک وِکست ہندوستان بن جائے گا۔ مودی نے کہاکہ اُن کی سرکار نے ’ملک مقدم‘ پالیسی کے ساتھ بہت سی اصلاحات کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وِکست بھارت ہندوستان کیلئے کافی محنت جاری ہے اور ملک کے کروڑوں لوگوں سے تجاویز حاصل کی جارہی ہیں۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم مودی نے کہاکہ یہ ملک ہرشہید اور مجاہد آزادی کا مقروض اور اُن کا احسان مند ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج کا دن اُن عظیم ہستیوں کو سلام پیش کرنے کا موقع ہے جو پورے عزم کے ساتھ ملک کی حفاظت، اِس کی تعمیر اور ملک کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے وقف ہیں۔
مودی نے کہاکہ ملک مجاہدین آزادی کا مقروض ہے کیونکہ انہوں نے ہر ایک کو آزادی کے ساتھ سانس لینے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ 1857 کی آزادی کی جدوجہد سے قبل بھی بہت سے قبائلی علاقے ایسے تھے، جہاں آزادی کی جنگ لڑی جارہی تھی۔
وزیراعظم نے کہاکہ اُن کی سرکار نے ووکَل فار لوکَل کا منتر دیا ہے۔ وزیراعظم نے قدرتی آفات میں حالیہ اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرہ افراد سے ہمدردی کا اظہار کیا اور انہیں یقین دلایا کہ ملک اِس مشکل وقت میں اُن کے شانہ بشانہ ہے۔
وزیراعظم مودی نے کہاکہ اُن کی حکومت اصلاحات کیلئے پرعزم ہے۔ یہ اصلاحات تعریف یا مجبوری کی وجہ سے نہیں بلکہ ملک کو مضبوط بنانے کیلئے ہیں۔ انہوں نے اجاگر کیا کہ ملک کے ہر شعبے میں ایک جدید اور اعلیٰ نظام موجود ہے، چاہے وہ سیاحت ہو، MSME، تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ، زراعت یا کوئی اور شعبہ ہو۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہندوستان دنیا کے بہترین طور طریقوں کو آگے لاکر قیادت کرنا چاہتا ہے۔ مودی نے کہاکہ بینکنگ سیکٹر کو مضبوط بنانے کیلئے کئی اصلاحات کی گئی ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے یوم آزادی کے خطاب کے دوران ہندوستان کے متحرک خلائی شعبے کی ستائش کی۔ مودی نے کہاکہ خلاء کا سیکٹر ہندوستان کو ایک مضبوط ملک بنانے میں کلیدی رول ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اُن کی حکومت نے خلائی شعبے میں بہت سی اصلاحات کی ہیں۔ اِس سیکٹر کو ماضی کی رکاوٹوں اور پابندیوں سے آزاد کرایا ہے۔
مودی نے کہاکہ اُن کی سرکار نے فوجداری قوانین میں اصلاحات کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نئے فوجداری قوانین کا بنیادی مقصد شہریوں کو سزا نہیں، بلکہ انصاف فراہم کرنا ہے۔بنگلہ دیش کے سلسلے میں وزیراعظم نے کہاکہ ایک پڑوسی ملک کے طور پر ہندوستان کو وہاں کے حالات پر تشویش ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بنگلہ دیش میں جلد ہی حالات معمول پر آجائیں گے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے مزید کہا کہ آئندہ 5 برسوں میں میڈیکل سیٹوں میں 75 ہزار کا اضافہ کیا جائے گا۔ مودی نے کہا کہ طلباء نے بیرون ملک طبی تعلیم کیلئے لاکھوں اور کروڑوں روپے خرچ کئے ہیں۔ لہٰذا حکومت آئندہ 5 برسوں میں میڈیکل سیٹیوں 75 ہزار کا اضافہ کرے گی۔ اس سے ملک میں طبی تعلیم تک رسائی میں اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ اُن کی حکومت میں انجام دی گئی اصلاحات میں بینکنگ سیکٹر کا جائزہ لیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پہلے بینکنگ شعبہ سخت مشکلات کا شکار تھا، لیکن آج شعبے میں ترقی ہوئی ہے۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ ہندوستانی بینکس اُن چند بینکوں میں سے ہے جو عالمی سطح پر مضبوط ہیں اور ایسا اُن کی حکومت کی جانب سے کی گئی بڑی اصلاحات کے بدولت ہوا ہے۔ مودی نے کہا کہ مضبوط بینکنگ نظام نے باضابطہ معیشت کو مضبوطی دی ہے۔