غزہ میں فلسطینیوں کی منظم نسل کشی 315 ویں روز بھی جاری، شہادتیں 40 ہزار سے تجاوز کرگئیں، 92 ہزار زخمی

(ایجنسیز) صیہونی افواج کی جانب سے مسلسل 315 ویں روز بھی غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے درجنوں فضائی حملے اور زمینی حملوں میں شہریوں کا قتل عام کا سلسلہ جاری ہے۔

فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں اور امریکی اور مغربی مدد سے جاری نسل کشی کے نتیجے میں 40,000 سے زیادہ فلسطینی شہید اور 92 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا کہ قابض اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں خاندانوں کے خلاف مزید 3 قتل عام کیے جن کے نتیجے میں 40 فلسطینی شہید اور 107 زخمی ہوگئے۔

 وزارت نے اپنے یومیہ بیان میں بتایا کہ گذشتہ سات اکتوبر سے اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 40,005 فلسطینی شہید اور 92,401 زخمی ہوئے ہیں۔ ملبے کے نیچے اور سڑکوں پر اب بھی متعدد زخمی  اور شہداء کی لاشیں موجود ہیں مگر ایمبولینس اور شہری دفاع کا عملہ ان تک نہیں پہنچ سکتا۔

 واضح رہے کہ گذشتہ 7 اکتوبر سے “اسرائیلی” افواج غزہ کی پٹی پر تباہ کن جنگ کیے ہوئے ہے جس کے نتیجے میں دسیوں ہزار معصوم شہری شہید، زخمی اور لاپتہ ہونے کے علاوہ 20 لاکھ افراد بے گھرہوچکے ہیں۔ بنیادی ڈھانچے کا 80 فیصد سے زیادہ تباہ ہوچکا ہے اور غزہ کی سخت ناکہ بندی اور مسلسل جنگ کے نتیجے میں گنجان آباد علاقہ قحط کی لپیٹ میں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں