حیدرآباد (دکن فائلز) بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار سے مسلم رہنماؤں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی اور متنازعہ وقف بل کی خامیوں اور نقصانات سے واقف کروایا۔ نتیش کمار کو میمورنڈم دیکر لوک سبھا میں ان کی پارٹی کے رکن للن سنگھ کے ذریعہ بل کی حمایت کا حوالہ بھی دیاگیا۔
امارت شرعیہ سمیت مختلف مسلم تنظیموں کے ایک نمائندہ وفد نے نتیش کمار سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں متنازعہ وقف بل پر نتیش کمار کے موقف سے واقف کروایا۔ کہا گیا کہ ’وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ مسلمانوں کے مفادات کے ساتھ سمجھوتہ نہیں ہونے دیں گے۔ بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ کے چیئرمین محمد ارشاد اللہ نے بتایا کہ بجٹ اجلاس میں وقف ترمیمی بل پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے مرکزی وزیر اور جے ڈی یو لیڈر للن سنگھ نے جس طرح بل کی حمایت کی تھی، اس سے وزیراعلیٰ متفق نہیں ہیں، انہوں نے وقف ترمیمی بل پر ناراضگی کا بھی اظہار کیا۔
وفد کی جانب سے دیئے گئے میمورنڈم کو نتیش کمار نے جے ڈی یو کے کارگزار صدر اور راجیہ سبھا رکن سنجے جھا، ریاستی وزیر وجے کمار چودھری اور جے ڈی یو کے جنرل سیکریٹری منیش ورما کے حوالے کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں بہت جلد مرکزی حکومت سے بات کی جائے گی اور ہمارے احساسات سے واقف کروایا جائے گا۔