متنازعہ وقف ترمیمی بل کو پارلیمنٹ میں منظور ہونے نہیں دیں گے: لالو یادو کے فرزند تیجیسوی یادو کا اعلان

حیدرآباد (دکن فائلز) بہار کے سابق نائب وزیراعلیٰ اور آر جے ڈی سربراہ لالو یادو کے فرزند تیجیسوی یادو سے آج مسلم تنظیموں پر مشتمل ایک وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے تیجسوی یادو کو متنازعہ وقف ترمیمی بل کے نقصان اور اس پر مسلمانوں کے جذبات سے واقف کروایا۔

تیجسوی یادو نے مسلم وفد کو تیقن دیا کہ وہ کسی بھی قیمت پر اس متنازعہ بل کو پارلیمنٹ میں پاس ہونے نہیں دیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ان کی پارٹی متنازعہ وقف ترمیمی بل کو پارلیمنٹ میں منظور ہونے نہیں دے گی۔

https://x.com/yadavtejashwi/status/1826843344900702553

تیجسوی یادو نے سوشل میڈیا پر اس ملاقات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہماری پارٹی اور قومی صدر لالو پرساد شروع سے ہی اقلیتوں کے ہر معاملے پر حساس رہے ہیں اور کسی بھی مذہبی معاملہ میں حکومت کی مداخلت کے خلاف ہیں۔ یہ ترامیم نہ صرف مسلمانوں بلکہ دیگر مذاہب کے مذہبی، پیشہ ورانہ اور جائیداد کے حقوق کو متاثر کریں گی اور ایک غلط نظیر قائم کریں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہماری پارٹی مودی-نتیش این ڈی اے کے اس غیر آئینی، غیر ضروری مجوزہ ترمیمی بل کی سختی سے مخالفت کرتی ہے جو ملک کے سیکولر تانے بانے کو توڑنے اور مذہبی جنون کو پھیلانے کے مقصد سے لایا گیا ہے۔ ہم نے آئے ہوئے وفد کو یقین دلایا کہ ہم ان کے ساتھ ہیں۔ اس بل کو کسی قیمت پر پارلیمنٹ میں منظور نہیں ہونے دیں گے اور اس جنگ کو ہر فورم پر لڑیں گے۔ یہ افسوسناک ہے کہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اس بل کی حمایت میں ہیں‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں