انسانی صحت کو درپیش خطرات کے پیش نظر 156 دواؤں پر پابندی عائد: پین کلر، اینٹی بائیوٹکس، ملٹی وٹامنز پر مشتمل مرکب ادویات شامل

حیدرآباد (دکن فائلز) مرکزی حکومت نے صحت کو خطرہ درپیش ہونے سے متعلق ایک جائزہ کے بعد اینٹی بایو ٹکس، پین کلر اور ملٹی وٹامنز سمیت 156 دواؤں پر پابندی عائد کردی۔ وزارت صحت کے مطابق پابندی عائد کی گئی دواؤں میں بخار، سردی، الرجی اور درد کے لیے استعمال کی جانے والی اینٹی بیکٹیریل دواؤں سمیت وسیع پیمانے پر فروخت کی جانے والی 156 فکسڈ ڈوز کامبنیشن (ایف ڈی سی) دوائیں شامل ہیں۔

مرکزی حکومت نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرکے 156 دواؤں پر پابندی عائد کردی۔ حکومت نے بتایا کہ ان دواؤں کے کھانے سے انسانی صحت پر منفی اثر پڑسکتا ہے۔ 156 مرکب دوائیں، غیر معقول مرکبات ہیں۔ وزارت نے کہا کہ اِن دواؤں کا استعمال ایسے وقت میں، جب اِن کی متبادل دوائیں موجود ہیں، انسان کے لئے خطرے کا سبب ہوسکتی ہیں۔

وزارت نے یہ بھی کہاکہ یہ فیصلہ حکومت کی طرف سے مقررہ ماہر کمیٹی اور دواؤں سے متعلق تکنیکی مشاورتی بورڈ DTAB کی طرف سے اس معاملے کا جائزہ لیے جانے کے بعد کیا گیا ہے۔ وزارت نے مزید بتایا کہ ڈی ٹی اے بی نے اِن مرکبات (دواؤں) سے متعلق کیے گئے دعووں کو صحیح نہیں پایا اور اس بات پر غور و خوض کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ مریض کو ہونے والا نقصان، فائدے سے زیادہ ہے۔ پابندی عائد کی گئی دواؤں میں وہ دوائیں بھی شامل ہیں جن کا استعمال بالوں کی افزائش، جِلد کی دیکھ بھال، بخار اور درد سے راحت کے لیے کیا جاتا ہے۔ ان دواؤں کو ملٹی وٹامن اور اینٹی ایلرجک کی شکل میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

حکومت نے سرکردہ فارما کمپنیوں کے ذریعہ تیار درد کش دواؤں کی شکل میں استعمال کیے جانے والی مقبول مرکب دواؤں میں سے ایک ’ایسکلوفیناک 50 ملی گرام پیراسیٹامول 125 ملی گرام ٹیبلٹ‘ پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ جن میڈیسن پر پابندی عائد کی گئی ہے ان میں میفے نیمک ایسڈ پیراسیٹامول انجکشن، سیٹیریزن ایچ سی ایل پیراسیٹامول فینلفائن ایچ سی ایل، لیووسیٹریزن فنائلفرائن ایچ سی ایل پیراسیٹامول پیراسیٹامول کلوروفینیرامائن میلیٹ، فنائل پروپینولامائن اور کیملوفن ڈائی ہائیڈروکلورائیڈ 25 ملی گرام پیراسیٹامول 300 ملی گرام بھی شامل ہیں۔ پابندی عائد کی گئی دواؤں کا استعمال بڑے پیمانے پر کیا جاتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ’ایف ڈی سی‘ دواؤں کو کاکٹیل دوائیں بھی کہتے ہیں۔ ان میں ایک سے زیادہ دواؤں کا مرکب ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں