حیدرآباد (دکن فائلز) حکومت کرناٹک نے ریاست میں سنسنی پیدا کرنے والے رینوکاسوامی قتل کیس میں گرفتار کنڑ اداکار درشن کو جیل کے عہدیداروں کی جانب سے شاہی دعوت دینے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ جیل میں درشن کو شاہی سہولتیں فراہم کرنے والے سات عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ عہدیداروں نے درشن کو خصوصی سہولتیں فراہم کی تھیں، جو قتل کے ایک مقدمے میں گرفتار ہونے کے بعد جوڈیشل ریمانڈ کے تحت جیل میں ہیں۔
درشن کو جیل میں کافی، چائے اور سگریٹ فراہم کئے گئے۔ درشن کا جیل میں اپنے دوستوں کے ساتھ سگریٹ پیتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ درشن کی جیل میں ایک روڑی شیٹر کے ساتھ ویڈیو کال بھی وائرل ہوا ہے۔ جس کی وجہ سے جیل عہدیداروں کے رویے پر کافی تنقید کی گئی۔ یہ معاملہ سامنے آتے ہی حکومت حرکت میں آگئی۔ اس نے جیل میں درشن کو خصوصی سہولیات فراہم کرنے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ اس میں سات عہدیداروں کے ملوث ہونے کا پتہ چلنے کے بعد ان تمام کو معطل کر دیا گیا۔