حیدرآباد (دکن فائلز) اترپردیش میں شہروں، علاقوں اور محلوں کے نام تبدیل ہونے کا سلسلہ تو جاری ہے تاہم اب شمالی ریلوے کے لکھنؤ ڈویژن میں آٹھ ریلوے اسٹیشنوں کا نام سرکاری طور پر تبدیل کرکے سنتوں اور مجاہدین آزادی کے نام پر رکھ دیا گیا۔
سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے نام تبدیل کرنے پر بی جے پی حکومت کو نشانہ بنایا اور کہا کہ ریلوے اسٹیشنوں کی حالت کو بہتر بنانے اور ٹرین حادثات کو روکنے پر توجہ دینی چاہیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فرصت گنج، قاسم پور ہالٹ، اکبر گنج، وارث گنج سمیت 8 ریلوے اسٹیشنوں کے نام تبدیل کردیئے گئے۔ یہ سبھی ریلوے اسٹیشنز امیٹھی ضلع کے ہیں اور یہ کاروائی امیٹھی کی سابق رکن پارلیمنٹ اسمرتی ایرانی کی کوششوں کے نتیجہ کا نتیجہ ہے۔
اب فرصت گنج ریلوے اسٹیشن کو تپیشور ناتھ دھام، قاسم پور ہالٹ کو جائس سٹی، جائس ریلوے اسٹیشن کو گرو گورکھ ناتھ دھام، بنی ریلوے اسٹیشن کو سوامی پرمہنس، مسرولی کو ماں کالکن دھام، نہال گڑھ کو مہاراجہ بجلی پاسی، وارث گنج کو امر شہید بھالے سلطان اور اکبر گنج کو ماں اہوروا بھوانی دھام کے نام سے جانا جائے گا۔