حیدرآباد (دکن فائلز) آندھراپردیش کے کرشنا ضلع میں واقع گڈلاوالیرو انجینئرنگ کالج میں گرلز ہاسٹل کے واش روم میں خفیہ کیمروں کا پردہ فاش ہونے کے بعد طالبات نے زبردست احتجاج کیا۔ گذشتہ رات کو لیڈیز ہاسٹل کے باتھ روم میں خفیہ کیمرہ ملنے کے بعد طالبات نے ہاسٹل کے احاطے میں شدید احتجاج کیا۔
احتجاج کررہی طالبات کو جب یہ پتہ چلا کہ خفیہ کیمرے بی ٹیک کے آخری سال کا ایک طالب علم وجئے نے لگائے تھے، انہوں نے وجئے پر حملہ کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے موقع پر پنچ ک ملزم وجئے کو گرفتار کرلیا۔
ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://x.com/i/status/1829373070928134270
اطلاعات کے مطابق وجئے خفیہ طور پر طالبات کے باتھ روم سے ریکارڈ ویڈیوز کو بیچ رہا تھا۔ پولیس نے وجئے کا لیپ ٹاپ اور موبائیل ضبط کرلیا اور پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ دریں اثناء طالبات کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایک ہفتہ قبل سامنے آنے کے باوجود کالج انتظامیہ نے اس سلسلہ میں کوئی کاروائی نہیں کی۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق خفیہ کیمرے کے ذریعہ طالبات کی ویڈیوز ریکارڈ کی گئی جسے بعد میں لیک کرتے ہوئے فروخت کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خواتین کے ہاسٹل کے واش روم سے 300 سے زیادہ تصاویر اور ویڈیوز لیک ہوئی تھیں اور جسے وجئے نے فروخت کیا تھا ۔
خفیہ کیمرے کے پردہ فاش کے بعد طالبات خوفزدہ ہوگئیں جبکہ وہ واش روم جانے سے بھی گھبرا رہی تھیں۔ پولیس نے کہا کہ تفتیش جاری ہے اور وہ ابھی تک اس بات کا پتہ نہیں لگا سکے ہیں کہ آیا کیمرہ لگانے اور ویڈیوز کی تقسیم میں مزید طلباء ملوث تھے۔