بڑی خبر: ملک میں منکی پاکس کا پہلا معاملہ سامنے آگیا! مریض کو کورنٹائن کردیا گیا

حیدرآباد (دکن فائلز) ہندوستان میں منکی پاکس کے پہلے کیس کی تشخیص ہوئی ہے۔ مرکزی وزارت صحت نے پیر کو اس کی تصدیق کی۔ حال ہی میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آفریقی ملک سے آنے والا ایک شخص مشتبہ طور پر منکی پاکس سے متاثر پایا گیا۔ مشتبہ مریض کے ٹسٹ کئے گئے جس کے بعد مرکزی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ ٹسٹ مثبت پائے گئے۔

وزارت نے کہا کہ منکی پاکس سے متاثرہ شخص کو کورنٹائن کردیا گیا۔ مرکز نے ایک اڈوائزری جاری کرکے بتایا ہے کہ ڈبلیو ایچ او نے منکی پاکس سے متعلق صحت عامہ کی ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا ہے۔

منکی پاکس سے متاثرہ شخص کا تعلق ہریانہ کے حصار سے بتایا گیا اور وہ 26 برس کا ہے۔ متاثرہ شخص کو فی الحال خصوصی نگہداشت میں رکھا گیا ہے جہاں اس کا علاج کیا جارہا ہے۔ مریض حالات مستحکم بتائی گئی۔

حکومت نے عوام سے پرسکون رہنے کی اپیل کی ہے۔ مرکز کے مطابق ریاستوں کو اس سلسلہ میں گائیڈ لائن جاری کردی گئی اور ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حکومت نے کہا کہ ملک بھر میں چوکسی برتی جارہی ہے۔

وزارت نے مزید کہا کہ اس شخص کی دیکھ بھال مقررہ ضابطوں کے تحت کی جا رہی ہے اور اس کے رابطے میں آنے والے افراد کا بھی پتہ لگایا جا رہا ہے تاکہ ملک کے اندر اس کے اثرات کا جائزہ لیا جاسکے۔ وزارت نے یقین دلایا ہے کہ ملک اس طرح کے سفر سے وابستہ معاملے سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے اور ملک کے پاس اس کے بندوبست نیز کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے مستحکم انتظامات ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں