نئی دہلی : سوشل میڈیا اور اخبارات میں جے پی سی کے حوالہ سے چھپی خبر کہ صرف 84 لاکھ ای میل موصول ہوئے ہیں اس پر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد فضل الرحیم مجددی نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے فرمایا کہ جے پی سی کے حوالے سے ای میل کی تعداد کی جو خبر سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے وہ صحیح نہیں ہے ابھی جے پی سی نے اس طرح کا کوئی ڈاٹا سرے سے بتایا ہی نہیں ہے اور نہ ہی جے پی سی کی طرف سے کوئی بیان جاری کیا گیا ہے۔
اس لئے ہم اپیل کرتے ہیں کہ مسلمان کسی غلط فہمی کے شکار نہ ہوں اور ایک دوسرے کو بھی تشویش میں پڑنے کا موقع نہ دیں اور خود بھی تشویش میں نہ پڑیں اور غلط خبر کوعام کرکے دوسرے لوگوں کو پریشانی میں نہ ڈالیں۔
واضح رہے کہ قبل ازیں مختلف میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ جے پی سی کو وقف ترمیمی بل سے متعلق 84 لاکھ تجاویز ہی وصول ہوئی ہیں۔ جبکہ مختلف مسلم تنظیموں کی جانب سے اس امید کا اظہار کیا جارہا تھا کہ جے پی سی کو 6 کروڑ سے زیادہ ای میلز وصول ہوئے ہیں۔ اب اس پر مسلم پرسنل لا بورڈ نے وضاحت دی ہے اور کہا ہے کہ فی الحال جے پی سی کی جانب سے ای میلز کی تعداد سے متعلق کوئی ڈاٹا کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔