حیدرآباد (دکن فائلز) میلاد النبی کے موقع پر چھتیس گڑھ کے بیلاسپور شہر کی ایک گلی میں فلسطینی پرچم سے مشابہ جھنڈے لگائے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بات کو لیکر کچھ ہندو تنظیموں نے واویلا مچانا شروع کردیا اور پولیس میں شکایت درج کرائی۔
پولیس نے شکایت درج کرکے فوری طور پر کاروائی کرکے پانچ مسلم نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔ سٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پوجا کمار نے بتایا کہ پیر کی شام ایک شکایت موصول ہوئی تھی کہ تربہار تھانے کے علاقے میں خودی رام بوس اسکوائر میں کچھ گھروں کے سامنے فلسطین جیسے پرچم لگائے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی ایک ٹیم نے موقع پر پہنچ کر پانچ گھروں پر لگے جھنڈوں کو ہٹا دیا اور اس معاملہ میں پانچ نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔
وہیں میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ گرفتار پانچ نوجوانوں کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ یہ جھنڈے فلسطینی پرچم سے مشابہ ہے جبکہ کم عمر لڑکوں نے نادانی میں اور نادانستہ طور پر گھروں کے سامنے جھنڈے لگائے۔ پانچوں نوجوان انتہائی شریف ہیں اور ان کا کوئی بھی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو غیرضروری گرفتار کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔
دوسری طرف اس معاملہ پر ہندوتوا تنظیموں کے کچھ کارکنوں نے ہنگامہ کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کرکے گرفتار نوجوانوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کے مطابق کم عمر لڑکوں نے جان بوجھ کر فلسطین کا پرچم لہرایا تاکہ علاقہ میں ماحول کو خراب کیا جاسکے۔ اس موقع پر انہوں نے اشتعال انگیز نعرے بھی لگائے۔