اسرائیل کا لبنان میں ایک اور مواصلاتی حملہ؟ پیجرز کے بعد واکی ٹاکی میں خوفناک دھماکے، 14 شہید، 450 زخمی

(ایجنسیز) لبنان میں پیجرز دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ میں شریک دیگر کارکنان کے واکی ٹاکیز بھی دھماکے سے پھٹ گئے جس کے نتیجے میں 14 افراد شہید اور 450 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنان کا دارالحکومت بیروت ایک بار پھر متعدد دھماکوں سے گونج اُٹھا۔ یہ دھماکے گھروں، کاروں اور نماز جنازہ کے مقام پر سلسلہ وار ہوتے رہے۔ دھماکے اپنے ساتھیوں کی نماز جنازہ میں شریک حزب اللہ کے کارکنان کے زیر استعمال واکی ٹاکیز میں ہوئے۔ علاوہ ازیں کئی گھروں میں بھی دھماکے ہوئے۔

ان دھماکوں کے نتیجے میں متعدد گھروں اور گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور 450 سے زائد افراد زخمی ہوگئے جب کہ اب تک 14 افراد شہید ہوئے۔ درجنوں زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ سڑکوں پر ایمبولینسیں سائرن بجاتی دوڑتی نظر آرہی ہیں۔

لبنان کی حکومت اور حزب اللہ نے واکی ٹاکیز دھماکوں کی ذمہ داری بھی اسرائیل پر عائد کی ہے تاہم اسرائیل کی جانب سے اس کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب لبنان میں حزب اللہ کے رہنماؤں اور کارکنان کے زیر استعمال 3 ہزار سے زائد پیجرز یکے بعد دیگرے دھماکوں سے پھٹ گئے جس میں 13 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں