پارلیمانی قائمہ کمیٹیاں تشکیل، راہل گاندھی اور ششی تھرور کو اہم ذمہ داریاں، اسدالدین اویسی شامل مگر دیگر مسلم ارکان نظرانداز

حیدرآباد (دکن فائلز) مرکز کی مودی حکومت نے 24 محکموں کی پارلیمانی قائمہ کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں، جن میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے صدر بیرسٹر اسدالدین اویسی، ایس پی صدر اکھلیش یادو، کانگریس لیڈر ششی تھرور کے علاوہ کنگنا رناوت کو بھی اہم ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ وہیں یو پی اے کی چیئرپرسن سونیا گاندھی کو کسی بھی کمیٹی میں شامل نہیں کیا ہے۔ حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی کو خارجہ امور کی پارلیمانی کمیٹی کا رکن بنایا گیا۔ وہیں دیگر مسلم ارکان پارلیمنٹ کو نظر انداز کیا گیا۔

24 نئی پارلیمانی قائمہ کمیٹیوں میں سے 4 محکموں کی کمیٹیوں کا سربراہ کانگریس ارکان کو بنایا گیا ہے جبکہ ہر کمیٹی میں راجیہ سبھا اور لوک سبھا دونوں کے ارکان شامل ہوتے ہیں۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کو خارجہ امور کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا ہے۔ نوجوانوں اور کھیلوں کی کمیٹی کی صدارت دگ وجے سنگھ کریں گے۔ زراعت، حیوانات اور فوڈ پروسیسنگ کمیٹی کی صدارت سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چرنجیت سنگھ چنی کریں گے۔ دیہی اور پنچایتی راج کمیٹی کی صدارت سپتگیری کریں گے۔ایس پی ایم پی رام گوپال یادو ہیلتھ کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔

بی جے پی رکن پارلیمنٹ رادھا موہن سنگھ دفاعی امور کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔ بی جے پی کے بھرتری ہری مہتاب مالیات سے متعلق کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما رادھا موہن داس اگروال کو ہوم افیئر کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے کو کمیونیکیشن اور آئی ٹی کمیٹی کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ منڈی سے بی جے پی ایم پی کنگنا رناوت کو بھی اس کمیٹی کا ممبر بنایا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں