مدرسہ کے دو نابالغ بچوں پر ٹرین میں حملہ، مسلمان ہونے کی بنا پر غنڈوں نے بنایا تشدد کا نشانہ معصوم طلبا کا الزام، بچانے کی کوشش کرنے والے غیرمسلم شخص کو بھی مارا پیٹا گیا (وائرل ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) ممبئی جانے والی ٹرین میں مدرسہ میں پڑھنے والے دو طالب علموں پر حملہ کرکے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ کچھ غیرمسلم بھائیوں کی جانب سے مسلمان بچوں کو بچانے کی کوشش کی گئی تو ان غنڈوں نے انہیں بھی مارپیٹ کا نشانہ بنایا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 29 ستمبر کو ممبئی جارہی ٹرین میں سفر کررہے دو نابالغ مسلم بچوں کو جو مدرسہ میں پڑھتے ہیں انہیں دو ہندوتوا غنڈوں نے مبینہ طور پر مارپیٹ کا نشانہ بنایا۔

اس واقعہ کا ایک ویڈیو وائرل ہوگیا جس میں عینی شاہدین کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ بغیر کسی قصور کے دو غنڈوں نے مسلم بچوں کو پیٹنا شروع کردیا اور انہیں شدید طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔ ایک غیرمسلم شخص ششیل نے بھی بتایا کہ جب انہوں نے مداخلت کی تو انہیں بھی مارپیٹ کا نشانہ بنایا گیا۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اگر دو نابالغ بچوں کو نہ بچایا جاتا تو یہ غنڈے انہیں جان سے ماردیتے۔

ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://x.com/i/status/1840351627011600777

ویڈیو میں مدرسہ کے طالب علموں کو انتہائی خوف کے عالم میں دیکھا جاسکتا ہے۔ وہ حملہ میں زحمی بھی ہوگئے اور درد سے کراہ رہے تھے۔ ایک عینی شاہد نے بتایا کہ دونوں ہندوتوا غنڈے نشہ میں ہے اور انہوں نے بغیر کسی بات کے اچانک بچوں پر حملہ کردیا۔

وہیں بچوں نے بتایا کہ انہیں مسلم ہونے کی بناپر دونوں غنڈوں نے مارپیٹ کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ہم ٹوپی و کرتا پاچامہ زیب تن کئے ہوئے تھے اور مدرسہ کے طالب علم نظر آرہے تھے اسی لئے غنڈوں نے ہمیں نشانہ بنایا۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو کے حوالہ سے انتہائی افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے اور ملک میں بڑھتی فرقہ پرستی و شدت پسندی کی تنقید کی جارہی ہے۔ صارفین نے غنڈوں کو فوری طور پر گرفتار کرنے اور انہیں سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ کچھ دنوں سے ریل میں سفر کررہے مسلمانوں پر حملوں کے واقعات رونما ہورہے ہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ اس طرح کے واقعات کو روکنے کےلئے کڑے اقدامات کرے اور ریل میں شہریوں کی سیکوریٹی کا خاص خیال رکھا جائے۔

دکن فائلز کی جانب سے ویڈیو کی تصدیق نہیں کی جاتی۔۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا میں وائرل ہے، جسے متعدد یوزرس نے شیئر کیا ہے اور جس پر صارفین کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں