جموں و کشمیر اسمبلی میں ’دفعہ 370‘ کی بحالی کےلئے قرارداد منظور

حیدرآباد (دکن فائلز) جموں و کشمیر انتخابات میں نیشنل کانفرنس کی حکومت بننے کے بعد 4 نومبر کو اسمبلی اجلاس کا آغاز ہوا۔ آج تیسرے روز اسمبلی اجلاس کافی ہنگامہ خیز رہا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید ہنگامہ کے دوران نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے اسمبلی میں دفعہ 370 کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک قرارداد پیش کی جبکہ قرارداد کو اکثریتی ووٹوں سے منظور بھی کرلیا گیا۔

قرارداد کی پیشی اور منظوری کے دوران بی جے پی ارکان نے خوب ہنگامہ آرائی کی جبکہ قرارداد کی حمایت نیشنل کانفرنس کی سینئر لیڈر اور وزیر صحت سکینہ یتو نے کی۔ اسی طرح پی ڈی پی کے تین ارکان، پیپلز کانفرنس کے سربراہ سجاد لون، اور آزاد اراکین اسمبلی شیخ خورشید اور شبیر کلے نے اس قرارداد کی حمایت کی۔

اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے قرارداد پر ووٹنگ کی جسے کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ ’یہ اسمبلی جموں و کشمیر کے لوگوں کی شناخت، ثقافت اور حقوق کے تحفظ کے لیے خصوصی اور آئینی ضمانتوں کی اہمیت کی توثیق کرتی ہے، ریاستی حکومت مرکزی حکومت سے درخواست کرے کہ وہ جموں و کشمیر کے منتخب نمائندوں کے ساتھ بات چیت کرے تاکہ ریاست کی خصوصی حیثیت اور آئینی ضمانتوں کی بحالی کے لیے آئینی طریقہ کار پر عمل کیا جا سکے‘۔

اپنا تبصرہ بھیجیں