حیدرآباد (دکن فائلز) اترپردیش کے شہر آگرہ میں واقع تاریخی تاج محل کو دنیا کے عجائبات میں شمار کیا جاتا ہے اور محبت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ شمالی ہند میں شدید فضائی الودگی و اسموگ نے محبت کی لازوال یادگار کو بھی دھندلا کردیا ہے اور دنیا بھر سے آنے والے سیاح اس کے خوبصورت نظارے سے محروم ہوگئے۔ اسموگ کی وجہ سے صرف تاج محل نہیں بلکہ پنجاب میں واقع امرتسر میں سکھوں کا گولڈن ٹیمل بھی اسموگ کی دھند میں چھپ گیا۔
اسی طرح شمالی ہندوستان گذشتہ کچھ دنوں سے اسموگ کی سفید چادر میں لپٹا ہوا ہے۔ سردی کے ساتھ ساتھ دھند کی وجہ سے صورتحال مزید ابتر ہوتی جارہی ہے۔ دھند اتنی گھنی ہے کہ آمدورفت ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے۔ شمالی ہندوستان کے کئی شہر دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ صبح 9 بجے بھی ٹھیک سے دیکھنا ممکن نہیں ہے۔ اس کا اثر ٹرینوں اور پروازوں پر بھی پڑ رہا ہے۔ دھند کے باعث ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں۔ رن وے پر حد نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے پروازیں بھی متاثر ہورہی ہیں۔