حیدرآباد (دکن فائلز) معروف آئی آئی ایس افسر شہزاد محمدخان کا آج دہلی کے میکس ہسپتال میں انتقال ہوگیا ۔ وہ گزشتہ تین دن سے نمونیا کے سبب آئی سی یو میں شریک تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے شامل ہیں۔ ایس ایم خان کی تدفین 18 نومبر 2024 بروز پیر بعد ظہر ان کے وطن خورجہ (بلند شہر) میں عمل میں آئے گی۔
ایس ایم خان 15 جون 1957 کو اترپردیش کے بلند شہر ضلع کے قصبے خورجہ میں پیدا ہوئے تھے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور انگلینڈ کی ویلس یونیورسٹی سے اعلی تعلیم حاصل کرنے کے بعد انھوں نے اپنا کیریر 1982 میں انڈین انفارمیشن سروس سے شروع کیا تھا ۔
ایس ایم خان، حکومت ہند کے ایک سینئر انڈین انفارمیشن سروس آفیسر تھے۔ انہوں نے 3 سال سے زیادہ دور درشن نیوز کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ ایس ایم خان، 1982 بیچ کے آئی آئی ایس افسر نے اس وقت کے صدر اے پی جے عبدالکلام کے پریس سکریٹری کے طور پر طویل مدت تک خدمات انجام دیں۔ وہ جامعہ ہمدرد ریذیڈنشیل کوچنگ اکیڈمی کے ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں اور انہوں نے سول سروس کی تیاری کرنے والے خواہشمندوں کو رہنمائی کی۔
سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن میں اپنی تقریباً 13 سال کی خدمات کے دوران، خان ہندوستان کی پریمیئر انویسٹی گیشن ایجنسی کا وہ چہرہ تھے جو قومی اور بین الاقوامی میڈیا پر باقاعدگی سے نمودار ہوتے تھے، جو اس وقت راجیو گاندھی قتل، بوفورس ، ہرشد مہتا فنانس اسکام سمیت کئی ہائی پروفائل کیسز پر کام کررہی تھی۔
خان نے صدر جمہوریہ (2002 سے 2007) ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے پریس سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے صدر کے چیف ترجمان کے طور پر کام کیا۔ صدر کے ساتھ مختلف ممالک اور ہندوستان کے سرکاری دوروں پر۔


