وقف ترمیمی بل: جے پی سی کی میعاد کار میں توسیع کےلئے متفقہ فیصلہ، جگدمبیکا پال کا اعلان، اپراجیتا سارنگی نے کہا آئندہ سال بجٹ اجلاس تک ہوسکتی ہے توسیع

حیدرآباد (دکن فائلز) وقف ترمیمی بل کی جوائنٹ پارلیمنٹ کمیٹی نے آج متفقہ طور پر اس کی مدت میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جے پی سی کے چیرمین جگدمبیکا پال نے کہا کہ کمیٹی اس بات پر متفق ہے کہ اسے کچھ دیگر اسٹیک ہولڈرز، بشمول چھ ریاستیں جہاں وقف اور ریاستی حکومتوں کے درمیان تنازعات ہیں ان ریاستوں کے چیف سکریٹریز و دیگر کا بھی موقف جاننا چاہئے، اس لئے کمیٹی کی مدت میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پال نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ “ہم محسوس کرتے ہیں کہ آخری تاریخ میں توسیع کی ضرورت ہے۔” وہیں بی جے پی ایم پی اور کمیٹی ممبر اپراجیتا سارنگی نے کہا کہ کمیٹی لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے 2025 کے بجٹ اجلاس کے آخر تک ایوان میں کمیٹی کی رپورٹ پیش کرنے کی آخری تاریخ بڑھانے کی درخواست کی جائے گی۔ پال اس سلسلے میں ایوان زیریں میں تجویز پیش کر سکتے ہیں۔ توقع ہے کہ کمیٹی مختلف اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کے لیے کچھ ریاستوں کا دورہ کرے گی۔

واضح رہے کہ 21 نومبر کو کمیٹی کی آخری میٹنگ کے بعد جگدمبیکا پال نے کہا تھا کہ رپورٹ کا مسودہ تیار ہے تاہم آج انہوں نے کمیٹی کی مدت میں توسیع کا اشارہ دے دیا جبکہ ایک اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ کمیٹی کی مدت بجٹ اجلاس کے آخری دن تک بڑھائی جاسکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں