حیدرآباد (دکن فائلز) آج اپوزیشن کے ہنگامہ کی وجہ سے لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی کارروائی معطل رہی، تاہم اس دوران ’وقف (ترمیمی) بل 2024‘ کا جائزہ لینے کے لیے تشکیل جے پی سی (جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی) کی مدت کار بڑھانے سے متعلق قرارداد پیش کی گئی اور ہنگامہ کے درمیان اسے صوتی ووٹوں سے منظوری مل گئی۔ جے پی سی کی مدت کو بجٹ سیشن 2025 کے آخری دن تک بڑھا دیا گیا۔
جے پی سی ارکان نے متفقہ طور پر کمیٹی کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا۔ یہ فیصلہ چہارشنبہ کو منعقد ہوئے کمیٹی کے اجلاس میں اتفاق رائے سے کیا گیا۔ کمیٹی کے چیئرپرسن جگدمبیکا پال نے کہا تھا کہ کمیٹی کی رپورٹ تقریباً تیار ہے اور اسے وقت پر ایوان کو بھیج دیا جائے گا۔ تاہم اپوزیشن کو اس پر اعتراض تھا۔ اپوزیشن کمیٹی کی مدت میں توسیع چاہتی تھی۔ اپوزیشن لیڈروں نے اس سلسلے میں لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے بھی ملاقات کی تھی۔ کل کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے کمیٹی کی مدت میں توسیع کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کیا تھا۔