اسرائیلی یرغمالیوں کی عدم رہائی پر آگ بگولہ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کو جہنم بنانے کی دھمکی دے دی

حیدرآباد (دکن فائلز) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ حلف برداری سے قبل اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی نہ ہونے کی صورت میں مشرق وسطیٰ کو جہنم بنادینے کی دھمکی دی۔ ٹرمپ نے کہا کہ 20 جنوری کی تقریب حلف برداری سے پہلے یرغمالی رہانہ کیے گئے تو مشرق وسطیٰ کو جہنم بھگتنا ہوگا۔

ٹرمپ کی اس دھمکی کے بعد اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید شدت آنے کا خدشہ ہے۔

ٹرتھ سوشل پر جاری اپنے ایک بیان میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ لوگ جنہوں نے انسانیت کے خلاف ان مظالم کا ارتکاب کیا وہ اس کی قیمت ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ’ان سب کے ذمہ داروں کو ایسا سبق دیا جائے گا جیسا پہلے کبھی امریکی تاریخ میں نہیں دیا گیا، یرغمالیوں کو فوری رہا کیا جائے‘۔

واضح رہے کہ حماس نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’غزہ میں اسرائیل کی 14 ماہ کی جنگ میں 33 یرغمالی ہلاک، کچھ لاپتا ہوچکے ہیں۔ اسرائیل اپنی احمقانہ جنگ سے یرغمالیوں کو ہمیشہ کیلئے کھو سکتا ہے‘۔ حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کو یرغمالیوں کیلئے جو کچھ کرنا ہے کرلے اس سے پہلے کہ بہت دیرہو جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں