مودی نے متنازعہ فلم ’سابرمتی رپورٹ‘ دیکھی، متنازعہ فلموں کی تشہیر کا وزیراعظم پر الزام

حیدرآباد (دکن فائلز) وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو متعدد وزرا اور بی جے پی کے ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ پارلیمنٹ کی لائبریری کے آڈیٹوریم میں فلم ‘دی سابرمتی رپورٹ’ دیکھی۔

واضح رہے کہ یہ فلم گجرات فسادات سے متعلق ہے جو گودھرا ٹرین حادثہ پر بنائی گئی۔

پی ایم مودی کے ساتھ مرکزی وزراء امت شاہ، راج ناتھ سنگھ، نتن گڈکری اور بی جے پی کے اتحادی جیتن رام مانجھی نے بھی متنازعہ فلم کا مشاہدہ کیا۔

فلم میں 27 فروری 2002 کو گودھرا میں سابرمتی ایکسپریس آتشزدگی واقعہ کے حقائق کو ظاہر کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔ اس حادثہ میں 59 کارسیوک ہلاک ہوگئے تھے۔ اس حادثہ کے بعد گجرات میں بڑے پیمانہ پر مسلم کش فساد شروع ہوا تھا جس میں فسادیوں نے سینکڑوں مسلمانوں کو زندہ جلادیا تھا۔

فلم دیکھنے کے بعد مودی نے لوگوں سے فلم دیکھنے کی بھی اپیل کی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ نریندر مودی نے اس سے پہلے بھی کئی متنازعہ فلموں کا مشاہدہ کیا تھا جبکہ ان پر اس طرح کی متنازعہ فلموں کی تشہیر کرنے کا بھی الزام عائد کیا جاتا ہے جس سے سماج میں نفرت کا ماحول پھیل سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں