حیدرآباد (دکن فائلز) بنگلہ دیش میں مبینہ طور پر ہندوؤں کے خلاف تشدد کی مخالفت میں کرناٹک میں ہندو ہترکشن سمیتی، وشوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل کی جانب سے ایک ریلی نکالی گئی جس دوران بی جے پی سے نکالے گئے لیڈر کے ایس ایشورپا نے مبینہ طور پر نفرت انگیز تقریر کی۔ ان کے خلاف مسلمانوں کو دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متنازعہ و نفرت انگیز بینات کے لئے مشہور ایشورپا کے خلاف کچھ روز قبل ہی مقدمہ درج کیا گیا تھا تاہم صرف تین ہفتوں کے دوران ان کے خلاف نفرت انگیز تقریر کرنے اور مسلمانوں کو دھمکیاں دینے کے الزام میں ایک اور مقدمہ درج کیا گیا۔
واضح رہے کہ ایشورپا گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں انہوں نے بی جے پی سے ٹکٹ نہ ملنے پر آزاد امیدوار کے طور پر مقابلہ کیا تھا جس کے بعد پارٹی نے انہیں باہر کا راستہ دکھایا۔ قبل ازیں اسمبلی انتخابات میں بھی ایشورپا کو کراری ہار ہوئی تھی۔
سابقہ بی جے پی حکومت میں ایشورپا کو نائب وزیراعلیٰ بنایا گیا۔ اس وقت حجاب معاملہ پر انہوں نے انتہائی متنازعہ بیانات دیئے تھے اور حجاب کی سختی سے مخالفت کی تھی۔ یہ بات قابل غور ہےکہ تب سے انہیں مسلسل ہار کا سامنا رہا ہے جبکہ حجابی لڑکیوں نے پرامن احتجاج کے ذریعہ اپنی بات منوانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔


