حیدرآباد (دکن فائلز) کل ہند مجلد اتحاد المسلمین نے دہلی انتخابات 2025 میں حصہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔ اسد الدین اویسی نے دہلی فسادات کے ملزم و عام آدمی پارٹی کے کونسلر طاہر حسین کو مصطفی آباد حلقہ سے پارٹی کا امیدوار بنانے کا بھی اعلان کیا ہے۔ طاہر حسین فی الحال جیل میں قید ہیں۔
اسدالدین اویسی نے کہا کہ “ایم سی ڈی کونسلر طاہر حسین نے اے آئی ایم آئی ایم میں شمولیت اختیار کی اور آنے والے دہلی اسمبلی انتخابات میں مصطفی آباد حلقہ سے وہ پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔ ان کے اہل خانہ اور حامیوں نے آج مجھ سے ملاقات کی اور پارٹی میں شمولیت اختیار کی”۔
مجلس نے دہلی اسمبلی انتخابات میں 70 سیٹوں کے منجملہ تقریباً 10 سیٹوں پر مقابلہ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ امکان ہے کہ آئندہ سال فروری میں دہلی اسمبلی انتخابات ہوں گے۔
واضح رہے کہ عام آدمی پارٹی کے کونسلر طاہر حسین کو دہلی فسادات کے بعد اہم ملزم ظاہر کرتے ہوئے میڈیا میں خوب تشہیر کی گئی تھی تاہم حال ہی میں، طاہر حسین کو دہلی ہائی کورٹ سے ‘راحت’ ملی، کورٹ نے دہلی فسادات کے سلسلے میں حسین کے خلاف درج ایف آئی آر کو مسترد کر دیا تھا۔ ایف آئی آر، 27 فروری 2020 کو درج کی گئی تھی جو ایک عمارت کی پہلی منزل پر ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے الزامات سے متعلق ہے۔ عدالت نے نوٹ کیا کہ حسین پہلے ہی اسی واقعے سے متعلق ایک اور مقدمے میں الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔


