سنبھل متاثرین سے راہول گاندھی اور پرینکا واڈرا کی ملاقات

حیدرآباد (دکن فائلز) اترپردیش کے سنبھل میں جامع مسجد سروے کی مخالفت کرتے ہوئے 24 نومبر کو مسلمانوں نے زبردست احتجاج کیا تھا جس کے بعد فائرنگ میں متعدد مسلم نوجوان جاں بحق ہوگئے تھے۔ تشدد متاثرین سے ملاقات کے لیے راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے کچھ روز قبل سنبھل کا دورہ کرنا چاہا تو انہیں پولیس نے روک دیا تھا۔ راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے دہلی میں سنبھل تشدد متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر کانگریس رہنماؤں نے کہا کہ سنبھل میں جو کچھ ہوا وہ نفرت انگیز سیاست کا نتیجہ ہے۔ کانگریس نے سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ ’سنبھل تشدد متاثرین سے راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے ملاقات کی، سنبھل میں پیش آیا واقعہ بی جے پی کی نفرت انگیز سیاست کا نتیجہ ہے اور یہ پرامن سماج کے لیے خطرناک ہے۔ ہمیں ساتھ مل کر اس تشدد و نفرت انگیز ذہنیت کو محبت و بھائی چارہ ہرانا ہوگا، ہم سبھی متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کو انصاف دلانے کی لڑائی لڑیں گے‘۔

راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی سنبھل تشدد متاثرین سے گذشتہ روز شام کو دہلی میں 10 جن پتھ میں واقع رہائش پر ملاقات کی۔ دونوں ہی کانگریس لیڈران نے سبھی متاثرین کی باتیں بغور سنیں اور کہا کہ وہ کسی بھی پریشانی میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس ملاقات کی جانکاری سہارنپور سے کانگریس رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے بھی دی۔ انھوں نے بتایا کہ راہل گاندھی نے شام تقریباً ساڑھے چار بجے سنبھل تشدد میں متاثر ہونے والے سبھی کنبوں کے تقریباً 11 اراکین سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران راہل گاندھی نے سبھی کی باتیں بغور سنیں اور کہا کہ اگر انھیں کوئی پریشانی آتی ہے تو ہمیشہ وہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور انصاف کی لڑائی میں پورا ساتھ دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں