حیدرآباد (دکن فائلز) میڈیا رپورٹس کے مطابق اترپردیش کے سنبھل میں مسجد کے موقع پر ایک مسجد سے لاؤڈ اسپیکر کی آواز زیادہ ہونے پر مسجد کے امام پر دو لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ پولیس نے امام مسجد پر امن و امان میں خلل ڈالنے کا بھی الزام عائد کیا۔ اطلاعات کے مطابق پولیس ے امام کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ بھی کی۔
انتظامیہ کے مطابق یہ واقعہ کوٹ گڑوی کے علاقہ میں واقع انار والی مسجد میں پیش آیا۔ مسجد میں لاؤڈ اسپیکر کا استعمال زیادہ آواز میں کیا جا رہا تھا، جس کے بعد اس کے خلاف کاروائی کی گئی۔ سنبھل کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ وندنا مشرا نے کہا کہ مسجد کے امام جن کی شناخت 23 سالہ تہذیب کے طور پر کی گئی ہے، پر احتیاطی اقدام کے طور پر 2 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا۔
ایس ڈی ایم کے ذریعہ جاری کردہ ایک حکم کے مطابق، امام کو اگلے چھ ماہ تک اسی طرح کے طرز عمل سے باز رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سنبھل میں 24 نومبر کو تاریخی جامع مسجد کے سروے کے مخالفت میں مسلمانوں نے احتجاج کیا تھا۔ اس دوران فائرنگ میں تقریباً 6 مسلم نوجوان جاں بحق ہوگئے تھے۔


