حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اور کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے آج پارلیمنٹ میں آئین پر جاری بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ’آرٹیکل 26 کہتا ہے کہ ملک کے لوگوں کو مذہب کی آزادی حاصل ہے اور اس آرٹیکل نے ملک کے لوگوں کو مذہبی اور رفاہی سرگرمیوں کے لیے تنظیمیں بنانے کی آزادی دی ہے، اس کے باوجود وزیر اعظم مودی کہتے ہیں کہ آئین کا وقف بورڈ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے‘۔ انہوں نے وقف بورڈ سے متعلق مودی کے بیان پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی کو مشورہ دیا کہ وہ ایسے تبصرے کرنے سے پہلے آئین کے آرٹیکل 26 کو ایک بار پڑھ لیں۔
انہوں نے مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ طاقت کے بل پر وقف املاک کو لوٹنے کی کوشش میں ہے۔ اویسی نے ملک کے مختلف علاقوں میں مساجد کے سروے پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ہجومی تشدد کے ذریعہ مسلمانوں نشانہ بنایا جارہا ہے اور مسلمانوں پر حملوں کے ذریعہ ملک میں امن و امان کو خراب کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔