حیدرآباد (دکن فائلز) اتر پردیش کے باندا میں دو خواتین اور دو مردوں کو شادی کے نام پر دھوکہ دیتے ہوئے نقدی اور زیورات چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پونم دلہن کے روپ میں اور سنجنا گپتا اس کی ماں کا کردار ادا کرتی جبکہ دو مرد وملیش ورما اور دھرمیندر پرجاپتی شادی کے خواہشمند مرد کی شناخت کرتے اور ان کا تعارف پونم سے کرواتے۔
رشتہ طئے ہونے کے بعد نوجوان لڑکے سے رقم کا مطالبہ کرتے اور کورٹ میریج کے بعد دلہن پونم دولہے کے گھر جاتی اور موقع پاتے ہی وہ گھر سے زیورات اور رقم چوری کر کے فرار ہو جاتی۔ پولیس نے بتایا کہ شکایت کنندہ شنکر اپادھیائے کو نشانہ بنانے سے قبل شاطر ٹولہ نے مزید 6 نوجوانوں کو شادی کے نام دھوکہ دیا اور ان کے گھر سے نقدی و زویرات چوری کرکے فرار ہوئے۔ شکایت کنندہ نے بتایا کہ سنگل تھا اور شادی کےلئے رشتہ کی تلاش کررہا تھا۔ وملیش نے اس سے رابطہ کیا اور کہا کہ وہ اس کی شادی کرائے گا جبکہ اس کےلئے دیڑھ لاکھ روپئے کا مطالبہ کیا تھا۔
شکایت کنندہ نے کہاکہ ویملیش نے اسے شادی کےلئے کورٹ میں بلایا جہاں پونم سے اسے ملوایا۔ پھر انہوں نے اس سے ڈیڑھ لاکھ روپے مانگے۔ اپادھیائے نے شک ہونے پر پونم اور سنجنا کے آدھار کارڈ مانگے، جو خود کو دلہن کی ماں بتارہی تھی۔ اپادھیائے نے اپنی شکایت میں کہاکہ شک ہونے پر میں نے شادی سے انکار کیا تو انہوں نے مجھے جان سے مارنے کی دھمکی دی، جس کے بعد میں نے سونچے کےلئے کچھ وقت مانگا‘۔
باندا کے ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ شیو راج نے کہا کہ شکایت موصول ہونے کے بعد ہم نے فوری کاروائی کرکے دو خواتین سمیت چار افراد کو گرفتار کرلیا۔ یہ لوگ کنوارے مردوں کو شادی کا جھانسہ دیتے اور پھر زیورات اور نقدی چوری کرتے۔ ہم نے انہیں گرفتار کر لیا ہے۔ مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔