حیدرآباد (دکن فائلز ویب ڈیسک) امریکہ کے نیویارک میں گذشتہ رات دیر گئے نائٹ کلب پر نامعلوم کارسوار نے اس وقت اندھا دھند فائرنگ کردی جب بڑی تعداد میں شہری باہر نکل رہے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کارسوار فائرنگ کرنے کے بعد بآسانی فرار ہوگیا۔ فائرنگ میں 11 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔
پولیس تاحال حملہ آور کو گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزم اور اس کی کار کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے شہریوں سے ملزم کی گرفتاری میں مدد دینے کی اپیل بھی کی ہے۔
ایک روز قبل نیو اورلینز میں سال نو کا جشن منانے والے شہریوں پر حملہ آور نے گاڑی چڑھا دی تھی جس میں 15 امریکی ہلاک اور 35 زخمی ہوگئے تھے۔ نیو اورلینز میں ہجوم پر گاڑی چڑھانے کے واقعہ کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی۔
ہجوم پر گاڑی چڑھانے میں ملوث ملزم پولیس مقابلے میں مارا گیا جس کی شناخت شمس الدین جبار کے نام سے ہوئی ہے۔ امریکی تحقیقاتی ادارے کے مطابق ملزم امریکہ میں پیدا ہوا تھا اور فوج میں ملازم رہ چکا تھا، گاڑی سے داعش کا جھنڈا بھی برآمد ہوا۔ ایف بی آئی نے واقعہ کو دہشت گرد حملہ قرار دے دیا۔