’علامتی عمل سے زیادہ مسلمانوں کے خلاف مظالم کا ازالہ کرنا اہم‘: مودی کی جانب سے اجمیر درگاہ پر چادر چڑھانے کو لیکر اسدالدین اویسی کا شدید ردعمل (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے ہفتہ کے روز وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے مرکزی اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو کو اجمیر شریف درگاہ پر چادر چڑھانے کے لیے بھیجے جانے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ اویسی نے بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے ملک بھر میں درگاہوں اور مساجد کے بارے میں تنازعات پیدا کرنے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر وزیراعظم چاہتے تو یہ سب روک سکتے تھے۔

حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے کہاکہ ’چادر بھیجنے سے کچھ نہیں ہونے والا ہے۔ بی جے پی، سنگھ پریوار اور ملک بھر میں ان کی تنظیمیں عدالتوں میں جا رہی ہیں اور مطالبہ کر رہی ہیں کہ یہاں کھدائی کی جائے۔‘ انہوں نے مزید کہاکہ ’وہ کہہ رہے ہیں کہ یہ مسجد نہیں ہے، یہ درگاہ نہیں ہے، اگر وزیر اعظم چاہیں تو یہ سب بند ہو سکتا ہے۔ گذشہ دس سالوں سے نریندر مودی کی زیر قیات بی جے پی کی حکومت ہے۔ اتر پردیش میں 7 سے زیادہ مساجد اور درگاہوں کو لے کر تنازعہ چل رہا ہے، جہاں بی جے پی کی حکومت ہے اور جہاں سے وزیر اعظم ایم پی ہیں۔

اویسی نے کہا کہ درگاہ پر چادر چڑھانے کے علامتی عمل سے زیادہ مسلمانوں کے خلاف مظالم کا ازالہ کرنا زیادہ اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت میں مساجد اور درگاہوں پر مسلسل حملے ہو رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں