حیدرآباد (دکن فائلز) چین میں HMPV وائرس کے پھیلنے کی خبروں کے بیچ ہندوستان بھر میں الرٹ کردیا گیا اور حکومت پوری طرح تیار ہے۔ اس دوران ملک میں پہلا کیس سامنے آنے کے چند گھنٹوں کے اندر ہی مرکزی محکمہ صحت نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وائرس کا پہلا معاملہ ریاست کرناٹک کے بنگلور میں سامنے آیا ہے۔ بنگلور میں ایک 8 ماہ کے بچے میں ایچ ایم پی وی وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ بچے کو بخار کے باعث شہر کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ خون کے ٹیسٹ سے HMPV وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔ تاہم، محکمہ صحت کے پرنسپل سکریٹری ہرش گپتا نے بتایا کہ اس بارے میں فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ ‘ایچ ایم پی وی وائرس ہندوستان میں بھی موجود ہے، لیکن یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ یہ میوٹیشن ہے یا نہیں۔ ہم نہیں جانتے کہ چین میں وائرس کیسے پھیلا۔ اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ یہاں کا عام HMPV وائرس ہے یا پھر چین جیسا ہے۔ اس تناظر میں محکمہ صحت بھی تحقیقات کر رہا ہے۔ ہرش گپتا نے کہا کہ کسی کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
یہ معاملہ بنگلور میں بیپٹسٹ ہسپتال میں سامنے آیا۔ ریاستی حکومت کے محکمہ صحت نے کہا کہ اس کی لیب میں نمونے کی جانچ نہیں کی گئی۔ یہ رپورٹس ایک پرائیویٹ ہسپتال سے آئی ہیں۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ ہمیں نجی ہسپتالوں کے ٹیسٹوں پر شبہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔


