حیدرآباد (دکن فائلز) چین میں کہرام مچانے والا ایچ ایم پی وی وائرس اب ہندوستان میں بھی پایا گیا ہے۔ آئی سی ایم آر کے مطابق، کرناٹک میں اس وائرس کے دو کیسز سامنے آئے ہیں۔ مرکزی محکمہ صحت نے واضح کیا ہے کہ ملک میں ان دو معاملات کے علاوہ کوئی تیسرا معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔ بنگلور میں تین ماہ اور آٹھ ماہ کے دو بچوں میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ وزارت صحت نے بتایا کہ یہ کیسز ملک بھر میں سانس کی بیماریوں کی نگرانی کے دوران سامنے آئے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق، یہ وائرس ہندوستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں پھیل رہا ہے، اور مختلف کیسز درج کیے جا رہے ہیں۔ تین ماہ کے بچے کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے، جبکہ آٹھ ماہ کا بچہ علاج کے مراحل سے گزر رہا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ دونوں بچوں کے خاندانوں نے حالیہ دنوں میں کوئی بین الاقوامی سفر نہیں کیا ہے۔
کرناٹک کے بنگلور میں ایچ ایم پی وی وائرس کے کیسز سامنے آنے پر کرناٹک حکومت بھی الرٹ ہو گئی ہے۔ اس حوالے سے کرناٹک کے چیف منسٹر سدارامیا نے کہا کہ جیسے ہی دو بچوں میں وائرس کے انفیکشن کا پتہ چلا، انہوں نے صحت کے وزیر سے بات کی۔ وزیر نے فوری طور پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے صحت کے حکام کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ صحت کے حکام جو بھی فیصلہ کریں گے، حکومت اسے نافذ کرے گی اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے پیشگی اقدامات کرے گی۔
کرناٹک کے وزیر صحت دنیش گنڈو راؤ نے کہا کہ ان کی حکومت چین میں وائرس کے پھیلاؤ اور موجودہ حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ایم پی وی کوئی نیا وائرس نہیں ہے اور اس سے متاثر ہونے پر عام زکام، فلو اور کھانسی جیسے علامات ظاہر ہو سکتے ہیں۔ وزیر نے مزید کہا کہ حالیہ کیس کو پہلا کیس قرار دینا گمراہ کن ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں درج ہونے والے حالیہ کیسز ممکنہ طور پر مقامی اسٹرین سے متعلق ہو سکتے ہیں اور چین میں پھیلنے والے وائرس سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہو سکتا۔