حیدرآباد (دکن فائلز) ہندوستان میں کرناٹک کے بنگلور کے بعد اب تازہ طور پر گجرات کے احمد آباد، مہاراشٹرا کے ناگپور اور تمل ناڈو میں ہیومن میٹانیمو وائرس (ایچ ایم پی وی) کے متعدد کیسز ریکارڈ کئے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں اب تک ایچ ایم پی وی انفیکشن کے سات کیسز کی تصدیق ہوئی۔ وائرس سے متاثرہ افراد کا تعلق بنگلور، ناگپور، تمل ناڈو اور احمد آباد سے بتایا گیا ہے۔
مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ صورتحال قابو میں ہے اور کووڈ-19 جیسے پھیلنے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ وہیں مہاراشٹر کے وزیر صحت پرکاش ابیتکر نے منگل کو بتایا کہ ناگپور میں ایچ ایم پی وی وائرس کے دو مشتبہ کیسز کے بعد معلوم ہوتا ہے کہ نہ تو یہ ناول ہے اور نہ ہی کوویڈ 19 جیسا مہلک ہے۔ وہیں وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے ابیتکر اور طبی تعلیم کے وزیر حسن مشرف کو وائرس کے بارے میں عوامی خدشات اور پریشانیوں کو دور کرنے کی ہدایت کی۔
ابیتکر نے مزید بتایا کہ بنگلور، تمل ناڈو اور ناگپور میں وائر سے متاثرہ کیسز کی نشاندہی کی گئی تاہم ان میں سے کسی بھی مریض نے چین کا سفر نہیں کیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ وائرس ہمارے درمیان پچھلے کئی سالوں سے موجود ہے اور یہ خظرناک نہیں ہے۔
واضح رہے کہ احمد آباد میں 26 دسمبر کو راجستھان کے ڈنگر پور کا رہائشی دو ماہ کے بچے میں HMPV وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ نوزائیدہ کو سانس کی بیماری کے بعد ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ٹسٹ میں اس بات کی تصدیق کی گئی کہ وہ ایچ ایم پی وی وائر سے متاثر تھا، تاہم علاج کے بعد بچہ صحتیاب ہوگیا اور اسے ڈسچارج بھی کردیا گیا۔


