سنبھل شاہی جامع مسجد معاملہ: الہ آباد ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کی کارروائی پر لگائی روک، حکومت‘ اے ایس آئی اور تمام مدعیان کو نوٹس

حیدرآباد (دکن فائلز) الہ آباد ہائی کورٹ نے آج سنبھل جامع مسجد معاملہ میں چندوسی کورٹ میں جاری سماعت پر 25 فروری تک روک لگادی۔ جسٹس روہت رنجن اگروال کی بنچ نے یہ حکم سنبھل میں واقع شاہی جامع مسجد کمیٹی کی طرف سے پیش کی گئی نظرثانی کی درخواست پر دیا۔ مسجد کمیٹی کی عرضی میں ایڈوکیٹ کمشنر کو مسجد کا سروے کرنے کی ہدایت دینے والے ٹرائل کورٹ کے حکم کو چیلنج کیا گیا۔

سنگل جج نے یونین آف انڈیا، آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا، یوپی حکومت، متعلقہ ضلع مجسٹریٹ اور مقدمہ کے تمام مدعیان سے 2 ہفتوں کے اندر جواب داخل کرنے کو کہا ہے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 25 فروری کو ہوگی۔

ادھر چندوسی کورٹ میں آج شاہی جامع مسجد سے متعلق معاملہ پر سماعت ہونی تھی، تاہم الہ آباد ہائیکورٹ کے فیصلہ کے بعد سماعت کو 5 مارچ تک کےلئے ملتوی کردیا گیا۔ قبل ازیں 2 جنوری کو جامع مسجد کی سروے رپورٹ چندوسی کورٹ میں داخل کی گئی تھی تب اس معاملہ میں آئندہ سماعت 8 جنوری کو مقرر کی گئی تھی تاہم آج سماعت نہ ہوسکی۔

چندوسی کورٹ کے باہر مسجد کمیٹی کے ایڈوکیٹ شکیل احمد واری نے بتایا کہ انہوں نے سپریم کورٹ کے حکم کی ایک کاپی عدالت میں داخل کی ہے جس میں تمام نچلی عدالتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اگلے احکامات تک کسی بھی عبادت گاہ کے سروے کے لیے نئے مقدموں کی سماعت نہ کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں