شادی شدہ شخص نے لیو ان پارٹنر کا قتل کرکے خاتون کی لاش کو 8 ماہ تک فریج میں چھپاکر رکھا

حیدرآباد (دکن فائلز) مدھیہ پردیش میں ایک دل دہلادینے والا واقعہ پیش آیا۔ ایک شادی شدہ شخص نے لیو ان میں رہنے والی اپنی ساتھی کو بے دردی سے قتل کر کے اس کی لاش کو 8 ماہ تک فریج میں چھپا کر رکھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون نے شادی کےلئے دباؤ ڈالا تو پہلے سے شادی شدہ ملزم سنجے پاٹیدار نے اسے قتل کردیا۔ یہ واقعہ دیواس قصبے میں پیش آیا۔

پولیس نے بتایا کہ لاش ملزم سنجے پاٹیدار کے گھر میں رکھے فریج سے خاتون کی لاش ملی، متوفی ساڑھی پہنی ہوئی تھی، جسم پر زیورات تھے اور اس کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے۔ پولیس نے بتایا کہ لاش گلنے سڑنے کی حالت میں تھی۔ خاتون کی شناخت پنکی پرجاپتی کے طور پر کی جس کا قتل گزشتہ سال جون میں ہوا تھا۔

ملزم سنجے، اجین شہر کا رہنے والا ہے اور اس خاتون کے ساتھ پانچ سال سے لیو ان ریلیشن شپ میں تھا جبکہ وہ شادی شدہ تھا۔ ملزم نے پولیس کو بتایا کہ خاتون نے شادی کےلئے دباؤ ڈالا تو ایک دوست کی مدد سے اس کا قتل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ملزم سنجے پاٹیدار نے کچھ عرصہ قبل کرایہ کا مکان خالی کردیا تھا، تاہم اس نے اپنا کچھ سامان گھر کے ایک حصے میں رکھا تھا۔ مکان کو کسی اور نے کرایہ پر لیا اور گھر کا خالی حصہ جہاں سنجے کا فریج رکھا تھا اس نے وہاں کی بجلی کٹ کردی، جس کے بعد فریج سے بدبو آنی شروع ہوئی۔

پڑوسیوں کی مدد سے جب فریج کھولا گیا تو اس میں سے خاتون کی لاش ملی، حیرت زدہ لوگوں نے فوری طور پر پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ دیواس کے ایس پی پونیت گہلوت نے بتایا کہ جمعہ کو لاش کو باہر نکالا گیا۔ یہ انکشاف ہوا ہے کہ گھر کا مالک دھیریندر سریواستو اندور میں رہتا ہے۔ اس واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں