حیدرآباد (دکن فائلز) معروف اداکار سیف علی خان پر ان کے گھر پر قاتلانہ حملہ کرنے والے مشتبہ شخص کی شناخت کرنے کا پولیس نے دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ اداکار کے گھر کے اندر رہنا والا کوئی ملازم حملہ آور کو جانتا تھا۔
کرائم برانچ کے ذرائع کے حوالہ سے میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ مشتبہ شخص ملحقہ عمارت سے اداکار کے گھر کے احاطے میں داخل ہوا ہوگا۔ پولیس کو یہ بھی شبہ ہے کہ سیف علی خان کے گھر میں سے ایک شخص حملہ آور کو جانتا تھا جس نے اسے گھر میں داخل ہونے میں مدد کی۔
ممبئی پولیس نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ حملہ آور چوری کرنے کے ارادے سے عمارت کے ہنگامی حالات کےلئے بنائے گئے راستے کی سیڑھیوں کے ذریعے سیف علی خان کے گھر میں داخل ہوا تھا۔ جب چور رات دیر گئے گھر میں داخل ہوا اور وہ سیف علی خان کے بچوں کے کمرے میں گیا تو ایک ملازمہ نے نامعلوم شخص کو دیکھ کر شور کیا، اس کے بعد سیف علی خان کمرے میں داخل ہوئے اور مشبہ شخص نے سیف پر چاقو سے حملہ کردیا۔
اداکار کو اس حملہ میں چاقو کے 6 زخم آئے جس میں سے 2 خاصے گہرے ثابت ہوئے جبکہ چاقو کا حصہ بھی ٹوٹ کر ان کے زخم میں گھس گیا تھا جسے سرجری کے ذریعے نکالا گیا۔